کپوارہ// شمالی کشمیر میں ضلع کپوارہ میںدرجہ حرارت میں نمایا ں اضافہ کے پیش نظر ندی نالو ں میں پانی کی سطح کم ہوگئی ہے اورکھیت اور کھلیان سوکھ گئے ہیں، جس سے دھان کی فصل بری طرح متاثر ہورہی ہے۔کپوارہ ضلع میں گرمی کی تپش سے ندی نالو ں میں پانی کی سطح میں کافی حد تک کمی واقع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے دھان کی پنیری والے کھیت اور کھلیان سو کھ گئے ہیں۔کپوارہ اور ہندوارہ میں کم سے کم ایسے 6بڑے ندی نالے ہیں جن میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک کم ہوگئی ہے۔ضلع کے کنڈی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔نالہ وارسن،نالہ گزریال، نالہ درد پورہ، نالہ آوورہ، راجواڑ نالہ اورسوکھ ناگ نالہ کم و بیش سوکھ گئے ہیں جن کی وجہ سے کپوارہ اور ہندوارہ کے درجنوں دیہات درد پورہ، راشن پورہ، وارسن، ریشی گنڈ،گزریال، زرہامہ، آوورہ، لچھم پورہ ، ستی کوجی، بہمنی پورہ، وڈر بالا اور دیگر درجنوں دیہات میں کھیت سوکھ چکے ہیں۔ضلع کے کنڈی علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ یہا ں کے زراعت کا دارو مدار زیادہ تر بارشو ں پر منحصر ہے لیکن ا س سال بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے زراعت کا شعبہ بھی متا ثر ہوا ہے اور اگر گرمی کی یہی صورتحال رہی تو آنے والے دنو ں میں دھان کی فصل کے ساتھ ساتھ دیگر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو سکتی ہیں۔اس حوالہ سے چیف ایگریکلچرآفیسر کپوارہ مظفر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع کے کنڈی علاقوں میں پانی کی عدم دستیابی سے دھان کی فصل متاثر ہوئی ہے تاہم یہاں کے دھان کے کھیتوں میں نمی 15روز تک رہ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ پانی میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم ابھی تک کسی بھی علاقے یا دیہات سے دھان کی فصل تباہ ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔اتنا ہی نہیں بلکہ ضلع کے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کے باعث درجنو ں دیہات میں لوگو ں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ تارت پورہ کے ہفرڈہ علاقہ میں معمر خواتین نے پانی کی عدم دستیابی کو لیکر احتجاج بھی کیا ہے ۔ہانجی محلہ ہندوارہ اور ملحقہ علاقوں کے لوگو ں نے بھی پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا اور گنا پورہ ہندوارہ سڑک پر دھرنادیا ۔بٹہ گنڈ ہندوارہ میں بھی لوگ محکمہ کے خلاف سراپا احتجاج کیا ۔ ہندوارہ کے راجواڑ ،زچلڈارہ ،میدان چوگل ،کولنگام ،شہلال ،آہگام ،ہگنی کو ٹ علاقوں کے لوگو ں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی شکایت کی ہے ۔نمبر دار محلہ سری گام لولاب کے لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ علاقہ میں پینے کے پانی کی سپلائی لائن بند ہو گئی ہے اور گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران پورا علاقہ پینے کے پانی سے محروم ہے۔پازی پورہ چک کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ وہ پینے کے پانی کی حصولیابی کے لئے ترس رہے ہیں ۔ درنگیاری گزریال ایری گیشن سیکم مکمل نہ ہونے کے باعث نصف درجن دیہات پینے کے صاف پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں ۔گزریال کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ دو سال قبل ضلع انتظامیہ نے درنگیاری گزریال سکیم پر کام شروع کیا اور اس کے لئے لاکھوں روپیہ کی لاگت سے ایک حوض بھی تعمیر کیا گیا لیکن سکیم پرکام کاج کو متعدد مقامات پر ادھورا چھو ڑ دیا گیا جس کے نتیجے میں ہزارو ں نفوس پر مشتمل آ بادی کو پینے کے پانی کا سامنا ہے