سرینگر//ضلع کپوارہ کے درد ہڑی سے پیپلز کانفرنس سرپنچ فریدہ بیگم نے اپنے متعدد حمایتوں سمیت بدھ کو اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔پارٹی صدر دفتر ایم ٹو چرچ لین سونہ وار میں منعقدہ تقریب میں پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے نئے ساتھیوں کا جماعت میں خیر مقدم کیا اور اُن سے متعلقہ علاقوں میں عوامی فلاح وبہبود کی سرگرمیاں کے لئے تندہی سے کام کرنے کی تاکید کی۔اس موقع پر عبدالمجید لون، عبدالجبار لون اور نذیر احمد لون بھی اپنی پارٹی میں شامل ہوئے۔ بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی واحد سیاسی پلیٹ فارم ہے جس نے سیاسی اقربا پروری کے طوق کو توڑ دیا جوکہ جموں وکشمیر کی دیگر روایتی سیاسی جماعتوں کی پہچان ہے۔انہوں نے کہا’’روز ِ اول سے ہی اپنی پارٹی کا سیاسی ایجنڈہ صاف وشفاف ہے اور اُن مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جوکہ زمینی سطح پر لوگوں کی بہبود سے جڑے ہیں۔ ہم نے کبھی بھی جذبات یا تخریب کاری کا سہارا نہیں لیا بلکہ عمل پر یقین رکھتے ہیں ‘‘۔الطاف بخاری نے اُمیدظاہر کی کہ نئے ساتھیوں کی شمولیت سے کپواڑہ ضلع میں پارٹی مضبوط ہوگی ۔ پارٹی صدر کے علاوہ جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون اور سنیئر پارٹی لیڈر محمد امین بٹ بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ نئے ساتھیوں نے جموں وکشمیر کی عوام کو ایک بااعتماد سیاسی پلیٹ فارم فراہم کرنے پر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زمینی سطح پر پارٹی کیڈر کو مضبوط کرنے کا عزم کیا۔