کپوارہ//منشیات مخالف مہم کو جاری رکھتے ہوئے کپوارہ پولیس نے جمعرات کو مختلف مقامات پر کاروائی کے دوران منشیات ضبط کر لی جبکہ 5افراد کو دھر لیا گیا اور ان کے خلاف کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔لولاب ،آورہ اور کرالہ پورہ علاقوں میں منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے5افراد کو گرفتار کیا اور ان کی تحویل سے2کلو چرس اور شراب کی کئی بوتلیں ضبط کر کے ان کے خلاف کیس درج کر لیا ۔پولیس نے لولاب سے غلام رسول وانی ،نذیر احمد گنائی ،عبد الرشید گنائی ،بلال احمد میر کو اس وقت حراست میں لیا جب مختلف مقامات پر بٹھائے گئے ناکہ کے دوران مذکورہ افراد کی تلاشی کی گئی اور منشیات ضبط کی ۔پولیس نے افراد کے خلاف NDPSایکٹ کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔واضح رہے کہ سال رواں میں کپوارہ پولیس نے تین درجن سے زائد افراد کو گرفتار کر کے ان کی تحویل سے منشیات کی بھاری کھیپ ضبط کی ہے ۔ایس ایس پی کپوارہ شمشیر حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ سال روان میں پولیس نے منشیات مخالف مہم شروع کی ہے جو کافی کامیاب رہی ۔انہو ں نے کہا کہ پولیس نے سماج کو پاک و صاف رکھنے کے لئے جو مہم شروع کی ہے اس پر عمل در آ مد جاری ہے ۔