کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں جسمانی طور خاص افراد نے زور دار احتجاج کرتے ہوئے ماہانہ وظیفہ میں اٖضافے کا مطالبہ کیا ۔جمعرات کے روز ضلع کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے مردوزن پر مشتمل جسمانی طور خاص افراد نے کپوارہ پہنچ کر احتجاج کیا ۔اس موقع پر جسمانی طور خاص افراد کا کہنا ہے کہ سرکار نے ان کو یکسر نظر انداز کیااور ان کی باز آ باد کاری کے لئے آج تک کوئی بھی اقدام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے وہ آئے روز مشکلات کے بھنور میں پھنس جاتے ہیں ۔انہو ںنے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ جسمانی طورخاص افراد کو راحت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حقوق کے تحفظ اور آگے بڑھنے کے لئے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے محکمہ سماجی بہبود کو ہدایت فراہم کریں ۔انہو ں نے سرکار سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سال2022کے بجٹ میں ان کے ماہانہ وظیفہ کو 5ہزارروپئے تک بڑھایا جائے ۔