کپوارہ میںآنگن واڑی ورکرو ںکااحتجاج

کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں سینکڑوں آنگن واڑی ورکروں نے منگل کی صبح سخت سردی اور بارشوں کے باجود اپنے مطالبات کے حق میں حق احتجاج کیا ۔ ضلع کے مختلف علاقوں سے آئی ہوئی محکمہ سماجی بہبود میں تعینات سینکڑوں آنگن واڑی ورکر کپوارہ پہنچ گئیں جہا ں انہو ں نے برنواری کے مقام پر محکمہ سماجی بہبود کے پروگرام افسر آئی سی ڈی ایس کے دفتر کے باہر کپوارہ کرالہ پورہ سڑک کے ایک طرف احتجاج کیا ۔آنگن واڑی ورکروں کے ہاتھو ں میں خالی پلیٹ تھے اور ان کو بجا کر جم کر نعرہ بازی کی ۔احتجاجی آنگن واڑی ورکروں نے کہاکہ سرکار ان کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کرتی ہے اُن کی بہبودی کے لئے کبھی بھی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے ۔انہوں نے کہا کہ سرکار نے کو وڈ ویکسی نیشن ،مردم شماری یا پلس پولیو جیسے کاموں کیلئے آنگن واڑی ورکروں کی خدمات کو حاصل کیا بلکہ آنگن واڑی ورکروں نے ہر ایک کام خوش اسلوبی سے انجام دیا لیکن اس کے باجود بھی ان کے جائز مطالبات پورے نہیں کئے جاتے ہیں ۔آنگن واڑی ورکرس ایسوسی ایشن کی ضلع صدر رفیقہ خانم نے کہا کہ ایک ہی ملک میں رہنے کے باجودبھی جمو ں و کشمیر میں تعینات آنگن واڑی ورکروں کے ساتھ بھید بھائو کا سلوک کیا جاتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ جب ایک ہی ملک میں ایک ہی محکمہ کے تحت آنگن واڑی وکرکام کرتی ہیں تو ان کی تنخواہو ں میں کیوںاتنا بڑا تفاوت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ دلی سرکار نے حال ہی میں وہاں تعینات آنگن واڑی ورکروں کی تنخواہوں کو دوگنا کر دیا تو جموں و کشمیر میں ایسا کیوں نہیں کیا جارہا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ انہیں بھی 12ہزار ماہانہ تنخواہ دی جائے ۔احتجاج میں شامل آنگن واڑی ورکرو ں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاران کے مطالبات پر فوری توجہ دے بصورت دیگر آنگن واڑی ورکروں کا سیلاب سڑکو ں پر نکل آئے گا اور اپنے مطالبات کے لئے جد وجہد شروع کی جائے گی ۔