نئی دہلی //ضلع کٹھوعہ سے طلاب کے ایک وفد نے نارتھ بلاک میں وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات کی، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ بھی اس وموقعہ پر موجود تھے۔ 50طلاب پر مشتمل یہ وفد ان دنوں بھارت درشن کے ٹور پر ہے جس دوران انہوں نے دیگر اہم شخصیات کے علاوہ وزیر داخلہ کے ساتھ قریب آدھ گھنٹہ تک بات چیت کی اوراپنے تجربات ان کے ساتھ سانجھا کئے۔ انہوں نے قومی راجدھانی میں دیکھی گئی جگہوں کے بارے میں وزیر کو بتایا جب کہ راجناتھ سنگھ نے طلباء کو ملک کے تکثریتی کردار کے بارے میں بتایا جہاں مختلف مذاہب اور فرقوں کے لوگ آپس میں اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں۔ جتیندر سنگھ نے بھی بچوں کو خطاب کیا اور انہیں کہا کہ وہ کٹھوعہ جاکر ملک کی تعمیر وترقی کے بارے میں لوگوں کو بتایں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے کٹھوعہ میں کئی بڑی بڑی اسکیمیں تعمیر کی جا رہی ہیں جس میں اٹل سیتو کی تعمیر، بائیو ٹیک پارک ، میڈیکل و انجینئرنگ کالج وغیرہ شامل ہیں۔ بچوں نے وزیر داخلہ کیساتھ ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔