عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے بلاور علاقے میں منگل کو ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تازہ تصادم ہوا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق مخصوص اطلاعات کے بعد سیکورٹی فورسز کی طرف سے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کارروائی شروع کی گئی جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں نے فورسز پر فائرنگ کی جسکے بعد طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا، جو کچھ دیر تک جاری رہا۔سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، اور محاصرے کو مضبوط بنانے کے لیے اضافی کمک کو علاقے میں پہنچا دیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ یہ آپریشن جنگلاتی اور پہاڑی علاقے میں کیا جا رہا ہے اور سکیورٹی فورسز ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے سخت نگرانی کر رہی ہیں۔