جموں//رسانہ میں 8سالہ خانہ بدوش بچی کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کئے جانے کیلئے دائر ایک عرضی پر سپریم کورٹ جولائی کے پہلے ہفتہ میں سماعت کرے گا۔ یہ عرضی اس معاملہ کے ایک ملزم وشال جنگوترہ کی طرف سے دائر کی گئی ہے ، ملزم اس کیس کے کلیدی ملزم سانجھی رام کا بیٹا ہے ۔ سی بی آئی تحقیقات کی مانگ کرنے والی یہ پٹیشن ملزم کی طرف سے کیس کٹھوعہ سے پٹھانکوٹ منتقل کئے جانے کے بعد عدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی ہے ۔ وشال جنگوترہ اور اس کے والد کی پیروی کر رہے ایڈوکیٹ انکور شرما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 200صفحات پر مشتمل رٹ پٹیشن میں متعدد بنیادوں پر یہ مانگ کی گئی ہے جس میں کرائم برانچ کی تحقیقات میں پائی جانے والی خامیوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اس معاملہ پر جولائی کے پہلے ہفتہ میں سماعت کرے گی۔ اس کے علاوہ شبھم نامی نابالغ کی عمر کے بارے میں ریاستی ہائی کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے یہ کہتے ہوئے تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ متاثرہ بچی کا والد کرائم برانچ کی تحقیقات سے مطمئن ہے ۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی سہ رکنی بنچ نے واضح کیا تھا کہ کسی بھی جرم کی تحقیقات کا پہلا فرض ریاستی پولیس کا ہوتا ہے ۔ تاہم متاثرہ کے والد کی اپیل پر سپریم کورٹ نے کیس کٹھوعہ سے پٹھانکوٹ منتقل کرتے ہوئے اس کی ان کیمرہ سماعت کا حکم دیا تھا۔