سرینگر/پٹھانکوٹ کی ایک عدالت نے سوموار کو کٹھوعہ اجتماعی عصمت دری و قتل کیس کے تین ملزمان کو عمر قید جبکہ دیگر تین کو پانچ سال کی سزا سنائی۔
عمر قید پانے والے ملزمان پر ایک لاکھ روپے فی کس جرمانہ بھی عاید کیا گیا ہے۔
عمر قید کی سزا پانے والے مجرموں میں رسانا مندر کا پجاری سانجی رام، دیپک کھجوریہ اور پرویش کمار عرف منو شامل ہیں۔
پانچ سال کی قید اور پچاس ہزار روپے فی کس جرمانہ پانے والے تین مجرموں میں آنند دتا،تلک راج اور سریندر شامل ہیں۔
اس کیس کے ایک ملزم سانجی رام کے بیٹے وشال کو عدالت نے بری کردیا۔
اس سے قبل آج صبح پٹھانکوٹ میں جج تیجوندر سنگھ کی عدالت نے کٹھوعہ عصمت دری و قتل کیس میں چھ ملزموں کو مجرم قرار دیدیا۔
مجرم قرار دئے گئے افرد میں رسانا گائوں میں مندر کا پجاری، سانجی رام،دو ایس پی او دیپک کھجوریہ اور سریندر، ہیڈ کانسٹیبل تلک راج ، سب انسپکٹر آنند دتا اور پرویش کمار عرف منوشامل ہیں۔
اس کیس کے ساتویں ملزم کیخلاف الگ سے ٹرائیل چلایا جائے گا جبکہ آٹھویں ملزم کو عدالت نے بری قرار دیا ہے۔
آٹھ سالہ خانہ بدوش لڑکی کی عصمت دری اور قتل کیس کے واقعہ کی پٹھانکوٹ کی عدالت میں سماعت لگ بھگ ایک سال قبل شروع ہوئی تھی اور آج عدالت کی طرف سے اس معاملے کو لیکرفیصلہ سنا یا گیا۔