کٹوتی جاری رہے گی،ختم کرنیکی پوزیشن میں نہیں

سرینگر // پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری روہت کنسل نے کہا ہے کہ محکمہ 40 دن کے سخت 'چلہ کلاں کیلئے پوری طرح تیار ہے۔کنسل نے کہا  کہ وہ مختلف اضلاع کا دورہ کررہے ہیں تاکہ بجلی سپلائی پوزیشن کا جائزہ لیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں ہر صارف کو امسال اوسطاً 3  سے 4 گھنٹے اضافی بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ  جہاں تک وادی کا تعلق ہے، صارفین کو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10-12 فیصد زیادہ بجلی فراہمی کی جارہی ہے اور محکمہ کو گزشتہ سال جن رکاوٹوں کا سامنا تھا ان میں بیشتر کو دور کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال صارفین نے تعاون دیا اور امید ہے امسال بھی اسی طرح تعاون دیا جائیگا۔ روہت کنسل نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بجلی کا درست ا ور مناسب طریقے سے استعمال کریں تاکہ محکمہ سخت سردی کے موسم میں بھی صارفین کی بہتر خدمت کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر لوگ بجلی کا درست استعمال کریں گے تو ہمارے پاس بجلی کی فراہمی زیادہ ہو گی اور ہم کٹوتی کی مدت کو کم کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے تمام عہدیداروں پر واضح کر دیا ہے کہ وہ کٹوتی کے شیڈول کو عام کریں اور صارفین کو طے شدہ کٹوتی شیڈول کے مطابق سختی سے بجلی فراہم کریں تاہم انہوں نے معذرت کے ساتھ کہا کہ بدقسمتی سے ہم کٹوتی شیڈول کو مکمل طور پر ختم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اس لیے ہمیں کچھ کٹوتیاں کرنی پڑتی ہے لیکن محکمہ کے افسران کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ کٹوتی شیڈول پر عمل کریں تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین  کے احتجاج کے بارے میں کمشنر موصوف نے بتایا کہ وہ محکمہ کے فرنٹ لائن سپاہی ہیں اور گزشتہ سال انہوں نے برف باری کے دوران بجلی کی سپلائی ہر ممکن یقینی بنائی اور محکمہ انہیں ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گا۔