عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ریاسی ضلع میں حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مکمل طور پر تباہ ہونے والے 320گھروں کی تعمیر کیلئے بنیاد رکھی ۔ ضلع ریاسی میںحالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہوئے 320گھروں کی تعمیر کیلئے ہائی رینج رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی ( ایچ آر ڈی ایس ۔ انڈیا ) حکومت کے خزانے پر بغیر کسی بوجھ کے جدید پری فیبریکیٹڈ ’’ سمارٹ ہاوسز ‘‘ تعمیر کرنے کیلئے 32کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کرے گا ۔ اس سے قبل لفٹینٹ گورنر نے آپریشن سندور کے دوران پاکستانی شیلنگ اور حالیہ قدرتی آفتوں سے متاثرہ آٹھ اضلاع ( کشتواڑ ، راجوری ، پونچھ ، اودھمپور ، رام بن ، جموں ، کٹھوعہ اور سانبہ ) میں 1869گھروں کیلئے بنیاد رکھی تھی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ متاثرہ خاندانوں کیلئے گھر صرف دیواریں اور چھتیں نہیں بلکہ خوابوں اور تمناؤں کا مجسمہ ہیں اور خاندان کے افراد کے لئے معیاری زندگی اور ذاتی ترقی کی بنیاد ہیں ۔ میں اس تحریک کو ایک نیا انقلاب اور ملک کیلئے ایک نئے ماڈل کے طور پر دیکھتا ہوں جہاں ضرورتمند خاندانوں کی دیکھ بھال حکومت کے پیسے کے بغیر کی جا رہی ہے ۔ یہ ہمیں ایک طاقتور منتر دیتا ہے کہ سب مل کر جموں و کشمیر یو ٹی اور اس کے لوگوں کی مشترکہ بھلائی کیلئے کام کریں ‘‘ ۔لیفٹیننٹ گورنر نے پچھلے چند برسوں میں شروع کئے گئے متعدد انفراسٹرکچر پروجیکٹس پر روشنی ڈالی جو ضلع ریاسی کے لوگوں کی رابطہ کاری کو بہتر بنانے اور زندگی کی آسانی میں اضافہ کرنے کا مقصد رکھتے ہیں ۔ طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات کو پورا کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ کٹرا ٹاؤن کیلئے انڈر گراؤنڈ سیوریج سسٹم کا کام اگلے چھ ماہ کے اندر شروع ہو جائے گا ۔ کٹرا کا ماسٹر پلان فی الحال آخری مراحل میں ہے اور منظوری کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انٹر ماڈل سٹیشن قائم کرنے کی کوششیں بھی تیز کی جا رہی ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے سی ای او اور پوری ٹیم کی لگن اور ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے دوران موثر ردِ عمل کی تعریف کی ۔ انہوں نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کی جانب سے کئے گئے اہم اقدامات کی تفصیلات شئیر کیں ۔ اس موقع پر چیئر مین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ریاسی صراف سنگھ ناگ ، ایم ایل اے حلقہ ماتا ویشنو دیوی بلدیو راج شرما ، ڈویژنل کمشنر جموں ، آئی جی پی جموں ، سی ای او شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ ، ڈی آئی جی اودھم پور ریاسی رینج ، ڈپٹی کمشنر ریاسی اور دیگر سینئرافسران بھی موجود تھے ۔