جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (جے کے آر ٹی سی) کے82 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرس میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کے دوران بورڈ آف ڈائریکٹرس نے کارپوریشن سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اِس کے علاوہ بورڈ کے میٹنگوں میں فیصلوں کی ایکشن ٹیکن رِپورٹ پر بھی تفصیلی غور و خوض ہوا ۔مشیر بھٹناگر جو بورڈ آف ڈائریکٹرس کے چیئرمین بھی ہیں ، نے کارکردگی کو بہتر بنانے اور کارپوریشن کو منافع بخش بنانے کے لئے ایک مؤثر طریقہ کار اور اختراعیت کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے افسران سے کارپوریشن کی کامیابی کے لئے ایک مناسب بزنس پلان تیار کرنے کے لئے کہا اور اِنتظامیہ سے ایک ایسا ماڈل اَپنانے کو کہا جو محصول آمدنی کے ساتھ ساتھ مؤثر ٹرانسپورٹ نظام کے لحاظ سے قابل عمل ہوگا۔کارپوریشن کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اِقدامات تجویز کرتے ہوئے مشیرموصوف نے اَفسران سے کہا کہ وہ ٹرک بیڑے کی آپریشنلٹی میں اضافہ کریں تاکہ کارپوریشن کو زیادہ سے زیادہ منافع حاصل ہوسکے۔ اُنہوں نے اِنتظامیہ سے مزید کہا کہ وہ نجی خدمات کے لئے کارپوریشن کی غیر استعمال شدہ ورکشاپوں کو اِستعمال کرنے کے امکانات کی بھی تلاش کریں تاکہ کارپوریشن کے لئے منافع کمایا جاسکے۔موصوف مشیر بھٹناگر نے افسران پر زور دیا کہ جموں وکشمیر میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مستحکم کرنے کے لئے مناسب اقدامات شروع کریں۔ اِس کے علاوہ جموں و کشمیر میں مؤثر اور معاشی ٹرانسپورٹ نظام کو اَپنانے کے لئے دیگر ریاستوں کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے ماڈلوں کی بھی تلاش کی جانی چاہیئے۔ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے بورڈ نے میٹنگ کے دوران کارپوریشن کے تمام ہنر مند ملازمین کے لئے کم سے کم ویجز ایکٹ کے تحت اُجرت میں اضافہ کیا۔ اُنہوں نے ایس آر او 43 کے تحت تقرریوں کے معاملات کی بھی جانچ کرنے کا فیصلہ کیا۔بورڈ آف ڈائریکٹرس نے جموں و کشمیر میں نقل و حمل کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ مینجمنٹ سسٹم (آئی ٹی ایم ایس) کی عمل آوری کو منظوری دی۔بورڈ نے خریداریوں کو حتمی شکل دینے اور کارپوریشن کے دیگر متعلقہ پہلوؤں کے لئے ٹیکنیکل کمیٹی کے تشکیل کی بھی منظوری دی۔میٹنگ کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر جے کے آر ٹی سی نے گزشتہ برس میں کارپوریشن کی کارکردگی اور حصولیابیوں کواُجاگر کرتے ہوئے ایک تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔ایم ڈی جے کے آر ٹی سی نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ کارپوریشن مالی سال2019-20 کے دوران 87.16 کروڑ روپے آپریشنل ریونیو کے طور پر 77.44 کروڑ اور 9.72 کروڑ بطور نان آپریشنل محصول ہوا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری ٹرانسپورٹ ہردیش کمار ، ڈائریکٹر جنرل کوڈس شادی لال پنڈتا ، ڈیولپمنٹ کمشنر ورکس سمیع عارف یسوی، چیف انجینئر میکنیکل راشد احمد ڈار ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے آر ٹی سی انگریز سنگھ رانا ، ایڈیشنل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی ، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔