کویڈ ۔19کا قہر | بانہال میں ایک ہفتے کے دوران باپ بیٹا لقمہ اجل

 بانہال //بانہال کے چملواس علاقے سے تعلق رکھنے والے باپ بیٹے کی کویڈ ۔19کی وجہ سے ایک ہفتے کے اندر اندر ہوئی موت پر لوگوں میںتشویش پائی جا رہی ہے ۔ زرائع نے بتایا کہ چند ہفتے قبل جوڈیشنل مجسٹریٹ رام بن کی عدالت میں ریڈر کے طور تعینات محمد اقبال ملک ولد عبدالرحمان ملک ساکنہ چملواس بانہال کا کویڈ نمونہ مثبت آیا اور اس کی خراب صحت کے پیش نظر انہیں پہلے ضلع ہسپتال رام بن اور بعد میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ۔ اس دوران ان کا والد عبدالرحمان ملک کا کویڈ نمونہ بھی مثبت آیا اور اسے بھی شدید حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا اور پچھلے جمعہ 04 جون کو کویڈ کی وجہ سے وہ لقمہ اجل ہوئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ عبدالرحمان ملک اپنے بیٹے محمد اقبال کی کویڈ سے شدید حالت کی خبر سننے کے بعد وہ اننت ناگ ہسپتال میں پست ہوتے گئے اور 04 جون کو فوت ہو گئے۔ قریبی ذرائع نے بتایا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں باپ کے مرنے کی خبر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں زیر علاج بیٹے کو نہیں دی گئی ۔ بالآخر جوان سال بیٹا محمد اقبال ملک بھی کویڈوائرس سے زندگی کی جنگ ہار گیا اور جمعرات کی علی الصبح اپنے خالق حقیقی سے جاملا ۔ بتایا جاتا ہے کہ انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں سے شیر کشمیر میڈیکل انسٹیٹیوٹ سرینگر منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھے ۔ یوں ایک ہفتے کے اندر اندر دونوں باپ بیٹا کویڈ کی وباء کا شکار ہوکر چل بسے ۔
 
 

جوڈیشل ایمپلایزویلفیئرایسوسی ایشن کا اظہار رنچ 

بانہال// جوڈیشل ایمپلایز ویلفیر ایسواسیشن جموں وکشمیر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محکمہ ایک ہونہار ملازم محمد اقبال ملک ریڈر منصف کورٹ رام بن کی جدائی اور کم عمری میں جان بحق ہونے پر بہت رنج و غم میں ہے اور مرحوم کی مغفرت کیلئے اور جموں و کشمیر اور لداخ میں محکمہ کے ملازمین اہلخانہ سے تعزیت کیلئے کئی تعزیتی اجلاس منعقد کئے گئے ۔ جوڈیشل ایمپلائز ایسوسیشن جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ مرحوم محمد اقبال ملک ایک ہونہار اور قابل ترین شخصیت کے مالک ملازم تھے اور چند ہفتے قبل کویڈ۔ 19 کا نمونہ مثبت آنے کے بعد وہ لقمہ اجل بن گئے ۔ ان کی کم عمری میں ہوئی موت پر صدر منگت رام پریہار اور تمام عدلیہ کے ملازمین نے اپنے ساتھی کے مہلوک کے کنبے سے اپنی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس ضمن میں جوڈیشنل ایمپلائز ایسوسیشن صوبہ جموں کے سکریٹری منظور احمد وانی نے بانہال میں ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا جس میں مرحوم کی محکمہ کے تیئں خدمات کو سراہا گیا اور مرحوم کے حق میں اور کے لواحقین کے حق میں دعا کی گئی۔ سکریٹری نے چیف جسٹس عدالت عالیہ جموں کشمیر سے درخواست کی ہے کہ مرحوم کے حق میں فوری مراعات کو یقینی بنایا جایا اور مرحوم کے کنبہ میں ایک فرد کو محکمہ عدلیہ میں ملازمت فراہم کی جاوے اور چونکہ مرحوم دوران ڈیوٹی اس بیماری کا شکار ہوا ہے اور اس لئے مرحوم کا کنبہ ایک مخصوص معاوضہ کا حقدار ہے۔ ریاستی صدر منگت رام پریہارنے ملازمین کو تلقین کی کہ دوران ڈیوٹی احتیاط برتیں اور اپنی قیمتی جانوں کو اس محلق وبا سے محفوظ رکھیں۔ 
 
 

ڈوڈہ میں 21 نئے مثبت کیس درج  

۔17 مریض صحتیاب ،1 کی موت  

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں جمعہ کو کویڈ۔ 19 کے 21 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں اور 17 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک شخص فوت ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کو ڈوڈہ، بھدرواہ، عسر ،ٹھاٹھری و گندوہ میں ہوئی کویڈ جانچ کے دوران 21 افراد کے ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئے اور سترہ مریض صحتیاب ہوئے ہیں، جبکہ ایک شخص کی جی ایم سی ڈوڈہ میں موت ہوئی ہے۔ اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 1029 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 5154 پہنچ گئی ہے جبکہ کورونا وائرس سے اب تک 94 ہلاکتیں ہوئیں ہیں اور 116751 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔