راجوری//پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے تتا پانی پنیٹی سے جٹاں براہمناں تک پی ایم جی ایس وائی کے تحت منظور کئے گئے سڑک پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ 6 کلو میٹر لمبی اس سڑک کو 5.25 کروڑ روپے کی لاگت سے جلد مکمل کیا جائے گا ۔ وزیر موصوف نے بس سٹینڈ کالا کوٹ میں سوچھ بھارت مشن کے تحت 14 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے سلب کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا ۔ بعد میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کی بدولت علاقے کے لوگوں کی دیرینہ مانگ پوری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے لوگوں کو بہتر بنیادی سہولیات بہم کرانے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ کوہلی نے سوچھ بھارت مشن کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے عام شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گرد و نواح کو صاف ستھرا رکھیں انہوں نے کہا کہ حکومت بھی شہروں و قصبوں کو صاف ستھرا بنانے کیلئے اپنے طریقے سے کام کر رہی ہے ۔ کالا کوٹ حلقے میں عملائے جا رہے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ان سکیموں اور پروجیکٹوں سے علاقے کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت میں بہتری واقع ہو گی ۔ اس دوران کئی عوامی وفود بھی وزیر سے ملاقی ہوئے اور انہوں نے اپنے اپنے مسائل اور مطالبات وزیر کی نوٹس میں لائے ۔ وزیر نے ان مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی دی ۔