عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ریشم کے کیڑے پالنے والوں کی فنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ریشم بانی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے مقصد سے محکمہ سیریکلچر جموں و کشمیر کی جانب سے سلک سمگرا-II اسکیم کے تحت سرینگر کے الوچی باغ میں واقع نئے کوکون آکشن مارکیٹ میں تین روزہ ہنرمندی ترقیاتی پروگرام کا آغاز کیا گیا۔پروگرام کا افتتاح اعجاز احمد بٹ ، ڈائریکٹر سیریکلچر جموں و کشمیر نے کیا۔
تربیتی پروگرام میں ضلع سرینگر کے مختلف علاقوں بشمول ہارون، دارہ، فقیر گوجری، ملنار اور دیگر مقامات سے تعلق رکھنے والے ریشم کے کیڑے پالنے والوں اور سیریکلچر کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سیریکلچر نے کہا کہ کسانوں کی استعداد کار میں اضافہ اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا جموں و کشمیر میں ریشم بانی کے شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سلک سمگرا-II پروگرام کے تحت ریشم پال کسانوں کو جدید تکنیکی معلومات، معیاری سہولیات اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ تربیتی سیشنز میں فعال طور پر حصہ لیں۔