کوکر ناگ میں حیریت انگیز واقعہ،نالہ برنگی بیچ میں دھنس گیا

اننت ناگ//کوکرناگ علاقے سے بہنے والے مشہور نالہ برنگی اچانک دھنس گیا ہے ۔ واقعہ کی خبر پھیلتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر امڈ پڑی، جس کے باعث انتظامیہ نے یہاں دفعہ 144 نافذ کردیا ہے۔نالہ میں بھنور پیدا ہونے سے اس کا آگے کا حصہ سوکھ چکا ہے، جس کے باعث کافی تعداد میں ٹراوٹ مچھلیاں ہلاک ہوئی ہیں۔ واں دیولگام کے مقام پرنالہ برنگی کے بیچوں بیچ بھنور پیدا ہوا اور سارا پانی اسی میں جانے لگا ہے۔واقعہ کی اطلاع فوری طور پر ضلع حکام کو دی گئی جنہوں نے جائے وقوع کی گھیرا بندی کر کے یہاں امتناعی احکامات صادر کئے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 25 برس قبل بھی اسی مقام پر اسی طرح کا واقعہ پیش آچکا ہے۔نالہ کے بیچوں بیچ بھنور پیدا ہونے کی اس حیرت انگیز واقعہ کو دیکھنے کے لئے لوگوں کی بھیڑ امڈ پڑی جو اس صورتحال کو دیکھنے کے بعد ششدر رہ گئے ہیں۔ ہفتے کو ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگھلا نے محکمہ فلڈ کنٹرول افسران کے ہمراہ علاقے کا دورہ کیا اور ان سے تبادلہ خیال کیا۔ڈی سی نے کہا کہ ماہرین کی ٹیم طلب کی گئی ہے جس کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ نالہ میںتقریباً10×10 فٹ سوراخ بن گیا ہے، جس کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ،فی الحال ابتدائی مرحلے میں نالہ کا پانی موڈا جارہا ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جائے حادثہ کی جانب رخ کرنے سے پرہیز کریں۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پہلے جب نالہ بیچ میں دھنس گیا  ہوگا تو اسکی مکمل بھرائی نہیں کی گئی ہے اسی لئے دوبارہ یہی صورتحال پیدا ہوئی۔ادھرضلع مجسٹریٹ نے لوگوں کے جان و مال کو تحفظ یقینی بنانے کیلئے حادثہ کی جگہ دفعہ 144 نافذ کیا ہے۔ انتظامیہ نے حکمنامہ جاری کرتے ہوئے لوگوں سے نالہ سے کم از کم 25 فٹ دوری برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔