سرینگر//سوگام کورکرناگ اننت ناگ میں اپنی پارٹی سے وابستہ ضلع ترقیاتی چنائو کے امیدوار پر کئے گئے حملے کی جموں کشمیرکے الیکشن کمشنرکے کے شرما ، اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) کے رہنما یوسف تاریگامی نے مذمت کی ہے۔ کے کے شرما نے ساگم حلقہ انتخاب کے آزاد امیدوار انیس الاسلام پر اننت ناگ میںکئے گئے حملے کی مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو پولیس نے صلاح دی تھی کہ وہ انتخابی مہم کے دوران پولیس کاایسکارٹ ساتھ لیں جوانہوں نے بدقسمتی سے ساتھ نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ امیدوار کو معمولی زخم لگے ہیں اور اس کی حالت مستحکم ہے ۔ادھر سعید محمد الطاب بخاری نے جمعہ کوسوگام کورکرناگ اننت ناگ سے پارٹی ڈی ڈی سی اُمیدوار انیس الاسلام پر حملے کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں الطاف بخاری نے کہاکہ ایسے پرتشدد واقعات لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہیں اور دنیا بھر میں مہذب سماج کے اندر اِس کی قطعی گنجائش نہیں۔ انہوں نے حکومت سے واقعہ کو سنجیدگی سے لینے اور اِس ضمن میں تمام ضروری حفاظتی اقدامات کرنے پرزور دیتے ہوئے کہاکہ ’’ہمارے اُمیدوار پر خوفناک حملہ اپنی پارٹی کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار امن دشمن طاقتوں کا نتیجہ ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ اِس واقعہ میں جو بھی ملوث ہے، اُنہیں آزاد گھومنے کی اجازت نہ دی جائے اور انتظامیہ قصورواروں کی شناخت کر کے اُن کی گرفتاری عمل میں لائے اور اُن کے خلاف سخت قوانین کے تحت مقدمہ درج کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ غیر مسلح زمینی سطح کے سیاسی ورکروں پر حملہ ایک بزدلانہ حرکت ہے جس کی کسی بھی طرح سے جوازیت پیش نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے انیس الاسلام کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔ الطاف بخاری نے مطالبہ کیا کہ جموں وکشمیر کے تشدد کے حوالے سے حساس علاقہ جات میں سیاسی ورکروں کی سیکورٹی کا جائزہ لیائے۔ انہوں نے کہا’’ جموں وکشمیر حکومت کو چاہئے کہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جانا چاہئے اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات پیش نہ آئیں‘‘ ۔دریں اثنااپنی پارٹی کے نائب صدر غلام حسن میر نے بھی پارٹی امیدوار پر حملے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہئے اور جاری ڈی ڈی سی الیکشن کے اُمیدواروں کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے۔اس دوران یوسف تاریگامی نے ضلع ترقیاتی کونسل انتخاب میں حصہ لے رہے امیدوار پر کوکر ناگ اننت ناگ میں کئے گئے حملہ کی مذمت کی ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیاں ان ہی لوگوں کو زیب دیتی ہیں جو انتخابات میں ووٹروں کی کم شرح کے متمنی ہیں تاکہ انہیں انتخابات میں دھاندلیاں کرنے کاموقعہ ملے۔انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ عوام کے مسائل اور شکایات کاازالہ نہیں چاہتے اور وہ عوامی مشکلات اور پریشانیوں کو دورہوتے دیکھنا نہیں چاہتے۔