سرینگر//تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے سکولی تعلیم ، حج و اوقاف اور امور قبائل کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ بچوں کو تعلیم کے نور سے منور کرنے کا مقصد انہیں مکمل انسان بنانا ہے اور انہیں پُر اخلاق ، باکردار ، شریف النفس اور ایماندار شخصیت کے طور پر نکھارنا ہے ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ کی طرف سے منعقدہ ایک سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف ڈگریاں حاصل کرنا اور امتحانات پاس کرنا نہیں بلکہ بچوں کو دانشور ، سکالر ، مذہبی اصولوں کا پیرو کار اور لوگوں کے ساتھ بہتر سلوک کرنے والا انسان بنانا ہے ۔ وزیر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی کوششوں کو دوگنا کر کے اس مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں ۔ وزیر نے کہا کہ آج کے مقابلہ جاتی دور میں دُنیا میں نئی تحقیق اور نئے ایجادات سامنے آتے ہیں اور ان سب کے پیچھے ہمارے مذہبی عقائد اور مذہبی تعلیمات روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں ۔ بچوں کو اپنے والدین کی عزت اور خدمت کرنے پر زور دیتے ہوئے ذوالفقار نے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ سماج میں بچوں کو اپنے والدین کے تئیں اُن کی عزت کرنے اور اُن کی خدمت میں رہنے کا سلیقہ روز بروز کم ہوتا جا رہا ہے ۔ بچوں کو اخلاقی تعلیم سے روشناس کرانے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے اساتذہ سے کہا کہ وہ تدریسی و غیر تدریسی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کو اخلاقی تعلیم سے بھی واقفیت کرائیں تا کہ وہ بڑوں کی عزت خاص طور پر والدین اور اساتذہ کا احترام یقینی طور پر انجام دیں ۔ اس موقعہ پر وزیر نے سیرت کانفرنس میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والی لڑکی کو دس ہزار روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا جبکہ ایک اور لڑکی جس کے میگزین کا اجراء کیا گیا کو 5 ہزار روپے کا انعام دیا ۔ اس سے قبل وزیر نے سکول کا سالانہ میگزین ’’ مشعل ‘‘ جاری کیا ۔ سیکریٹری سکول ایجوکیشن فاروق شاہ ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر جی این ایتو ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں راکیش سنگھرال ، پرنسپل جی جی ایچ ایس ایس کوٹھی باغ رومانہ قاضی ، مختلف سکولوں کے پرنسپل صاحبان اس موقعہ پر موجود تھے ۔