کوٹرنکہ کے لوگوں کا شدید احتجاج

کوٹرنکہ //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ کی روٹیشنل بنیاد پر تعیناتی کے حکومتی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کوٹرنکہ کے لوگوںنے بعد نماز جمعہ شدید احتجاج کیا ۔ انہوںنے کہاکہ وہ ایسے کسی بھی منصوبے کو مستر د کرتے ہیں جس میں اے ڈی سی پوسٹ کو باری باری کوٹرنکہ اور کالاکوٹ کو دیاجائے ۔احتجاج میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے کارکنان نے بھی شرکت کی ۔ اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ کوٹرنکہ میں چل رہے اے ڈی سی دفتر میں کسی بھی قسم کی تخفیف ناقابل قبول ہے اور وہ احتجاج کی کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کوٹرنکہ اور بدھل ایک پسماندہ علاقہ ہے جہاں کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پوسٹ کا اعلان بہت بڑااقدام تھا تاہم اب یہ دفتر کھل جانے کے بعد حکومت اس میں تبدیلی لاناچاہتی ہے جو وہ قبول نہیں کریںگے ۔ان کاکہناتھاکہ اس کے بجائے حکومت احتجاج کرنے والے لوگوں کے علاقے میں نئے پوسٹ کا اعلان کرے ۔دریں اثناء کوٹرنکہ کے لوگوںنے آج بند کی کال دی ہے ۔یہ کال بیوپار منڈل صدر محمد شفیع نے سول سوسائٹی اور تاجروں کی ایک میٹنگ کے بعد دی ۔انہوںنے کہاکہ کوٹرنکہ کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ کے تعلق سے مجوزہ منصوبے کے خلاف مقامی لوگ آج بند رکھیںگے اوراگر فیصلہ واپس نہ ہواتو اس پر سخت احتجاج کیاجائے گا۔