کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پسماندہ پنچایت اپر کنڈی میں بنیادی سہولیات دستیاب نہ ہو نے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ پنچایت بالخصوص موڑا چھترون ،ڈنگا بگلہ وغیرہ میں پینے کے صاف پانی کے علاوہ بجلی ،رابطہ سڑک اور مواصلاتی سروس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔ایک ہزار سے زائد کی آبادی والے گائوں میں رہائش پذیر لوگ تین کلو میٹر تک کا سفر کر کے مواصلاتی سروس والے علاقہ میں جاتے ہیں تاکہ کسی بھی ضروری کام کے سلسلہ میں ایک فون کال کی جاسکے ۔مکینوں نے بتایا کہ انتظامیہ دیہات میں ہر ممکن بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے دعوئے کررہی ہے لیکن مذکورہ دیہات میں لوگ آج بھی قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بنیادی سہولیات بالخصوص پانی کی فراہمی ،بجلی کی معیاری سپلائی ،لوگوں کی نقل و حر کت کیلئے رابطہ سڑک اور مواصلاتی نظام کی فراہمی کیلئے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رابطہ قائم کیا گیا لیکن ابھی تک اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پسماندہ دیہات کے مکینوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں ۔