کوٹرنکہ //سب ڈسڑکٹ کوٹرنکہ میں کھیل کا میدان تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے نوجوانوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی نوجوانوں نے بتایا کہ کوٹرنکہ کیساتھ ساتھ بدھل میں بھی انتظامیہ کی جانب سے کھیل کا میدان تعمیر نہیں کیا گیا ہے جسکی وجہ سے وہ لوگوں کے کھیتوں میں مختلف نوعیت کی کھیلوں میں شرکت کرنے پر مجبور ہیں ۔غور طلب ہے کہ پہاڑی علاقوں میں نوجوان ناہموار جگہوں پر والی بال ،کبڈی ،کرکٹ و دیگرکھیلوں میں شرکت کرتے ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کئی طرح کی سکیمیں شروع کرنے کا دعوئے کئے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پر صورتحال اس کے یکسر بر عکس ہے ۔ مقامی معززین نے بتایا کہ سب ڈویژن کے دیہات کے نوجوان مختلف کھیلوں میں بہترین صلاحیتیوں کا مظاہرہ کررہے ہیں لیکن بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہوتا جارہا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ اور بدھل میں کھیل کے میدان تعمیر کئے جائیں تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
ہائی اسکول چکترو کی عمارت کا کام مکمل
طلباء و مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہارکیا
حسین محتشم
پونچھ//گورنمنٹ ہائی اسکول چکترو کی نئی عمارت کا تعمیراتی کام مکمل ہونے پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس اسکول کاچند سال قبل ہی درجہ بڑھا کر مڈل سے ہائی اسکول کیا گیا تھا لیکن عمارت چھوٹی ہونے کے ساتھ ساتھ خستہ ہو چکی تھی جس کے بعد مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران سے گزارش کی تھی کہ وہاں نئی عمارت بنائی جائے۔انھوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے مقامی لوگوں کی پرزور مانگ کو جائز قرار دیتے ہوئے وہاں اسکول کی نئی عمارت کا کام تعمیراتی کام شروع کروایا جسے بر وقت مکمل بھی کیاگیا مقامی لوگوں نے متعلقہ ٹھیکیدار کا شکریہ ادا کیا جن کی محنت سے ان کے گائوں میں اسکول کی ایک بہترین بلڈنگ تیار ہوئی۔انھوں نے اسسٹنٹ ڈریکٹر محکمہ سکول ایجوکیشن کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی قیادت میں یہ عمارت تعمیر ہو کر کر پائے تکمیل کو پہنچی۔لیاقت تاج نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس عمارت کی تعمیر کے لئے انھوں نے بڑی محنت کی ہے آج جب عمارت مکمل ہوئی ہے تو ان کو بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ ان کی محنت رنگ لائی۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ اب اسکولوںں میں تعلیم کا نظام بحال ہو گا تاکہ ہمارے بچے اچھی تعلیم حاصل کر کے اپنا مستقبل سنوار سکیں۔