کوٹرنکہ میں دھماکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا | سیکورٹی فورسز نے علاقے کا گھیرائو کر کے تحقیقات شروع کر دی

راجوری //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں ہفتے کی شام ہوئے 2الگ الگ دھماکوں کی وجہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کا گھیرائو کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق ہفتہ کی شام تقریباً8:30بجے راجوری ضلع کے کوٹرنکہ قصبہ کے مرکزی علاقہ میں الگ الگ اوقات میں دو دھماکے ہوئے ۔حکام نے بتایا کہ مذکورہ دھماکے پولیس سٹیشن کنڈی سے چند میٹر کے فاصلے پر ہوئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ دوہرے دھماکوں کے فوراً بعد پولیس اور فوج موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر وہاں تلاشی شروع کر دی گئی۔ایک سنیئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ ’دونوں دھماکے کوٹرنکہ قصبے میں ویران مقامات پر ہوئے جن میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ بم اسکواڈ اور فورسز کی دیگر تکنیکی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔آفیسر نے مزید بتایا کہ ’’ہم ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے سوائے اس کے کہ کم شدت کے دو دھماکے ہوئے ہیں جن میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور ہم نے تحقیقات شروع کر دی ہیں‘‘۔