کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے متعدد علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے نصب کر دہ ہینڈ پمپ ناکارہ ہونے کی وجہ سے ایک وسیع آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہو گئی ہے ۔مکینوں نے متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں اس وقت تک درجنوں ہینڈ پمپ ناکارہ ہو گئے ہیں تاہم خراب مشینری کی مرمت کے سلسلہ میں کئی مرتبہ محکمہ سے اپیلیں کی گئی ہیں لیکن ابھی تک ہینڈ پمپوں کی جانب دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پورے سب ڈویژن میں محکمہ گرونڈ واٹر پوری طرح سے مفلوج ہو کررہ گیا ہے جبکہ ملازمین او ر آفیسران اپنا فرض پورا نہیں کررہے ہیں ۔غور طلب ہے کہ سب ڈویژن کوٹرنکہ کے کئی علاقوں میں انتظامیہ نے پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے ہینڈ پمپ نصب کئے تھے تاہم ان پمپوں کی مشینری کچھ ہی عرصہ میں خراب ہو گئی ہے ۔محکمہ گرانڈ واٹر کے ایک آفیسر نے بتایا کہ پنچایتی ادارے قائم ہونے کے بعد مذکورہ ذمہ داریاں اب پنچایتوں کو دی گئی ہیں جبکہ اس سلسلہ میں فنڈز بھی محکمہ دیہی ترقی ہی وگزار کرئے گا ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں خراب پڑے ہوئے ہینڈ پمپوں کی جلداز جلد مرمت کروائی جائے تاکہ عام لوگوں کو پانی میسر ہو سکے ۔