کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی رابطہ سڑکوں پر گزشتہ کئی عرصہ سے اور لوڈنگ کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن کی رابطہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹروں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی کھلے عام دھجیاں اڑائی جارہی ہیں تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈرائیور مسافر گاڑیوں میں اپنی مرضی کیساتھ سواریاں لوڈ کرتے ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ مسافروں کیساتھ بدسلوکیاں بھی کی جارہی ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ ٹیمپو میں 11سواریوں کی جگہ پر 15سے 20افراد لوڈ کر دئیے جاتے ہیں تاہم آواز اٹھانے پر سواریوں کیساتھ بد تمیزی بھی کی جاتی ہے ۔غور طلب ہے کہ کوٹرنکہ ،خواص ودیگر علاقوں کی رابطہ سڑکوں پر انتہائی درجہ کی اور لوڈنگ کی جارہی ہے ۔انہوں نے ٹریفک حکام سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والے ڈرائیوروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سب ڈویژن میں مسافروں کو درپیش مسائل کم ہو سکیں ۔
کوٹرنکہ میںاور لوڈنگ کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری | حکام سے ٹرانسپورٹروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
