راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع میں کورونا وائرس کے کیسوں کی روزانہ کی تعداد میں اضافہ مسلسل جاری ہے ۔گزشتہ روز دونوں اضلاع میں مجموعی طورپر مزید 78 افراد وائرل انفکشن کا شکار ہو کر مثبت پائے گئے ہیں جبکہ پونچھ ضلع میں انتالیس نئے کیس اور راجوری میں انتیس کیس سامنے آئے ہیں ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سرحدی ضلع پونچھ میں 49 نئے کورونا وائرس کے کیس سامنے آئے ہیں جن میں 44 مقامی اور پانچ مسافر ہیں۔راجوری میں جمعہ کو درج کئے گئے تمام انتیس کیس مقامی ہیں۔دریں اثنا، جڑواں اضلاع کی انتظامیہ کی جانب سے مزید چار علاقوں کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دے دیا ہے ۔انتظامیہ کے مطابق مذکورہ علاقوں میں سے بڑے پیمانے پر نئے کیس سامنے آنے کے بعد ان کو مذکورہ زمرے میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ضلع مجسٹریٹ راجوری وکاس کنڈل کے جاری کردہ ایک حکم کے مطابق، راجوری قصبہ کے جواہر نگر کے وارڈ نمبر چھ کا علاقہ ،کھیورہ کے وارڈ نمبر 3اور 17کیساتھ ساتھ تحصیل سیوٹ کے لوہر سیوٹ وغیرہ علاقوں کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون میں رکھا گیا ہے ۔اسی طرح ضلع مجسٹریٹ پونچھ اندر جیت نے پونچھ شہر کے ریڈیو اسٹیشن محلہ کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دے دیا ہے جبکہ مذکورہ علاقوں میں سے نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔
کووڈ معاملات میں اضافے کا خدشہ
ضلع انتظامیہ سے سخت اقدامات اٹھانے کی اپیل
حسین محتشم
پونچھ// کورونا وائرس کی تیسری لہر تیزی سے پونچھ ضلع میں داخل ہوئی ہے جس پر عام لوگوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔مکینوں نے بتایا کہ پونچھ بس سٹینڈ پر ٹریفک کا شدید دبائو ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بس اسٹینڈ پونچھ پر کئی پرائیویٹ اور مسافر گاڑیاں کھڑی نظر آرہی ہیں اور انتظامیہ کی اس پر کوئی نظر نہیں ہے۔ پونچھ کے سماجی و سیاسی کارکنان نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ مسافر گاڑیوں کو پونچھ شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیں جس سے ٹریفک جام اور رش کا ماحول نہ بنے ۔ ایڈوکیٹ افتخار بزمی، یغل کشور شرما اور محمد جاوید نے ڈپٹی کمشنر پونچھ اندرجیت سنگھ، ایس ایس پی پونچھ روہت باسکوترا سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور معاملے پر سخت کارروائی کریں۔