جموں//لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبہ کشمیر کے افسران کی ایک میٹنگ سول سیکرٹریٹ جموں میں طلب کی ۔ میٹنگ کے انعقاد کا مقصد کووڈ 19 صورتحال اور کشمیر میں اس پر روک لگانے کیلئے جاری اقدامات پر غور و خوض کرنا تھا ۔ انہوں نے مختلف طبی اداروں کی جانب سے کووڈ 19 سے متعلق احتیاطی تدابیر اور اس پر قابو پانے کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ دورانِ میٹنگ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو اپنے متعلقہ اضلاع میں کووڈ 19 کے تمام عملیاتی طریقۂ کار (SOPs)پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے ، ماسک پہننے اور سماجی دوری بنائے رکھنے پر زور دیا ۔ انہوں نے ان ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے اور ان پر جرمانہ عائد کرنے کی بھی انہیں ہدایت دی ۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر ، صوبہ کشمیر کے ڈپٹی کمشنران ، ڈائریکٹر سکمز صورہ ، ڈائریکٹر محکمہ صحت کشمیر ، پرنسپل جی ایم سی سرینگر اور متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں بذریعہ ویڈیو کانفرنس شرکت کی ۔ میٹنگ شروع ہوتے ہی مشیر نے وادی میں کورونا وائیرس پر قابو پانے اور اس سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تمام ڈپٹی کمشنران سے تفصیل طلب کی ۔ بصیر خان نے صوبہ کشمیر کے ڈپٹی کمشنروں اور صوبائی انتظامیہ کو دایمی امراض بشمول زیابتیس ، سرطان ، بلند فشار خون اور ڈائلیسس مریض اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی صد فیصد سکریننگ اور ٹیسٹنگ کو یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ مشیر نے افسروں کو حکومت ہند اور جموں کشمیر یو ٹی حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کئے گئے رہنما خطوط پر سختی سے عمل پیرا رہنے اور ریڈ زون علاقوں میں لاک ڈاؤن اقدامات کی خلاف ورزی نہ ہونے دینے پر زور دیا ۔ انہوں نے اُن کے متعلقہ اضلاع میں ٹیسٹنگ میں سرعت لانے بالخصوص ریڈ زون علاقوں میں ، زور دیا ۔ مشیر نے مزید کہا کہ ریڈ زون اور لاک ڈاؤن علاقوں میں تمام اشیائے ضروریہ اور ادویات لوگوں کی دہلیز پر ہی انہیں فراہم کی جانی چاہئیں ۔ ہسپتالوں میں واجب الادا رقومات سے متعلق معاملے کے بارے میں مشیر نے انہیں یقین دلایا کہ تمام واجبات کی فوری طور ادائیگی کی جائے گی ۔ انہوں نے ہسپتالوں میں افرادی قوت اور بستروں کی صلاحیت میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا تا کہ مریضوں کو علاج و معالجہ کے دوران کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے ہسپتالوں کیلئے اضافی رقومات فراہم کرنے کا یقین دلایا تا کہ کووڈ 19 سے متعلق کام کاج متاثر نہ ہو سکے ۔ مشیر خان نے آنے والی عید الاضحیٰ کیلئے کئے جا رہے انتظامات پر بھی دوران میٹنگ غور و خوض کیا ۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو منافع خوری ، کالا بازاری ، ذخیرہ اندوزی پر کڑی نگاہ رکھنے کی بھی ہدایت دی ۔