نئی دلی //مرکزی سرکار نے جمعرات کو تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں کوویڈ گائیڈ لائنز 30جون تک جاری رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے اور ان تمام ضلع میں کورونا وائرس کو روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو ضلع سطح پر جاری رکھیں جہاں روزانہ متاثر ہونے والے افراد کی تعداد زیادہ ہے۔ مرکزی ہوم سیکریٹری اجے بھلا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی روکھتام کیلئے اتھائے گئے اقدامات سے چند جنوبی اورشمالی ریاستوں کو چھوڑ کر باقی سبھی ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں نئے کیسوں اور سرگرم معاملات کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ میں بتانا چاہتا ہوں کہ کورونا وائرس کے معاملات میں کمی آرہی ہے لیکن سرگرم معاملات کی تعداد ابھی بھی کافی زیادہ ہے اور اسلئے یہ ضروری ہے کہ ہم پہلے سے اٹھائے گئے اقدامات کو جاری رکھیں۔ بھلا نے کہا کہ کسی بھی ریاست یا مرکزی زیر انتظام علاقے میں نرمی کا فیصلہ معقول وقت اور مرحلہ وار طریقے سے لیا جائے گا اور اس کیلئے پہلے مقامی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ مرکزی زیر انتظام علاقوں اور ریاستوں کے چیف سیکریٹریوں کے نام جاری کئے گئے حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ 29اپریل کو جاری کی گئی گائیڈ لائنز 30جون تک جاری رہیں گی۔ مذکورہ قوائد و ضوابط میں وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آکسیجن بیڈوں، آئی سی یو بیڈوں، وینٹی لیٹروں ، ایمبولنسوں اور دیگرعارضی اسپتالوں میں ضروری سہولیات فراہم کریں تاہم مرکزی وزارت داخلہ نے قوائد و ضوابط میں کسی بھی علاقے میں لاک ڈائون کے اطلاق کی بات نہیں کہی تھی۔ تازہ ہدایات ملک گھر میں کورونا متاثرین کی تعداد میں کمی آئی اور اسپتالوں میں آئی سی یو بیڈو اور آکسیجن کی سپلائی میں بہتری آئی ہے۔