پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اندر جیت (کے اے ایس) کی ہدایت پر پونچھ میں کورنا وائرس سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر کیخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے ۔اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے تحصیلدار حویلی بشیر انجم خٹک (کے اے ایس) کی سربراہی میں انتظامیہ کی ٹیم نے پونچھ کے معروف میڈیکل سٹور،ادویات کی ایک دکان اور ایک لیبارٹری جہاں کوڈ19پروٹوکول کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی کو سیل کردیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کوڈ۔ 19 کے آنے کے بعد یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کسی بڑے کیمسٹ / میڈیکل کی دکان کو پونچھ شہر میں سیل کیا گیا۔کیمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر کے میڈیکل سٹور کیخلاف کارروائی کے بعد ایسوسی ایشن اراکین نے احتجا ج کیا جبکہ اس دوران ایک وفد ڈی ڈی سی ممبر لورن ریاض بشیر ناز کی قیادت میں ضلع ترقیاتی کمشنر سے ملاجہاں انھوں نے اپنی غلطی کو مانتے ہوئے معذرت طلب کی۔واضح رہے کہ انتظامیہ کی جانب سے خلاف ورزی کرنے والوں سے تقریبا 7000 روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے بتایا کہ بار بار اپیل کے باوجود پونچھ کے بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر بھیڑ لگی رہتی ہے جو نہایت خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا پونچھ میں پابندیاں ختم کی گئی ہیں کورونا وائرس ختم نہیں ہوا ہے۔انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معاشرتی فاصلے قائم کریں اور دیگر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں بصورت دیگر کوویڈ 19 دوبارہ پھیل سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بازاروں میں بھیڑ بھاڑ ہونے کی شکایات آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اس طرح کے مزید سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔