سرینگر//مسلم لیگ ،پیپلز لیگ ،تحریک کشمیر اور پیروان ولایت نے کولگام میں جاں بحق ہوئے عسکریت پسندوں اور ایک نہتے نوجوان یاور احمد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔لیگ کے ایک بیان کے مطابق محمد رفیق گنائی ،سجاد ایوبی، خورشید احمد ڈار، محمد امین ڈارا، منظور احمد للہاری، غلام الحسن اور زبیر احمد پر مشتمل تنظیم کے ایک وفدنے سوپٹ اور ونپوہ جاکر عبدالشکور اور یاور احمد کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ترجمان کے مطابق اس موقع پر سیکریٹری جنرل محمد رفیق گنائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حافظ عبدالشکور راہ حق کا ایک ایسا مسافر تھا جو تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ با حیا، با ایمان اور خوددار نوجون تھا جس نے ایک مثال قائم کردی اور جس کی ہلاکت نے ایک ایسا خلا پیدا کیا جس کا پُر ہونا بہت ہی مشکل ہے ۔دریں اثناء محمد رفیق گنائی نے گناہ پورہ لنگیٹ،بدرہ پائین کپواڑہ اور حاجن میں فورسز کی طرف سے ڈھائے گئے مظالم کو ریاستی دہشت گردی کی پالیسی سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ۔پیپلز لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع ،تحریک کشمیر کے صدر محمد موسیٰ اور پیروان ولایت کے چیئرمین سبط محمد شبیر قمی نے کہا ہے کہ ایک بلند نصب العین کی خاطر تسلسل کے ساتھ دی جارہی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ رواں تحریک مزاحمت کو آگے بڑھانے کیلئے پوری قوم یکسوئی اور استقامت کا مظاہرہ کرے۔