سیز فائرکا خاتمہ، محاصرے، تلاشی اور ہلاکتیں پھر شروع
اننت ناگ// وادی میں رمضان سیز فائر کے خاتمے کے ساتھ ہی شہری ہلاکتوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔ سوموار کی شام کو جنوبی کشمیر بجبہاڑہ اور نوپورہ آکھرن میں محاصروں اور تلاشی کاروائیوں کے دوران پر تشدد جھڑپوں میں ایک نوجوان فوج کی راست فائرنگ سے لقمہ اجل بن گیا جبکہ دیگر 2نوجوان شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں نازک حالات میں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔جنوبی کشمیر میں تازہ ہلاکت کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے ہیں اور انتظامیہ نے فورسز کی اضافی نفری تعینات کرنے کے علاوہ انٹر نیٹ سروس کو معطل کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق فوج کی 9آر آریونٹ سے وابستہ اہلکاروں نے نوپورہ آکھرن کولگام علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی شروع کی ۔اس دوران مقامی نوجوانوں نے مزاحمت کرکے فورسز پر پتھرائو کیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق اس موقعے پر دونوں طرف سے پتھرائو کے علاقہ ٹئیر گیس شیلنگ ہوئی جبکہ پیلٹ کے علاوہ فوج نے گولیاں چلائیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ فوج کی راست فائرنگ کی زد میں آکر تین نوجوان گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جن میں اعجاز احمد بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن میر بازار اننت ناگ اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا ۔اسپتال ذرائع نے بتایا کہ اعجاز احمد کو جب اسپتال پہنچایا گیا تو وہ دم توڑ بیٹھا تھا۔اعجاز احمد بٹ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ 20سال کی عمر کا تھا اور پیشے سے ٹریکٹر ڈرائیور تھا۔ اس موقعے پر زخمی ہوئے دو مزید نوجوان رئیس احمد ولد غلام قادر ساکن نوپورہ آکھرن اور یونس احمد بٹ ولد عبدالمجید شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کئے گئے تاہم ڈاکٹروں نے انکی نازک حالت کے پیش نظر انہیں سرینگر منتقل کیا ۔سیز فائر کے خاتمے کے ساتھ ہی جنوبی کشمیر میں ہوئی شہری ہلاکت اور پر تشدد واقعے نے ایک بار پھر حالات کشیدہ بنائے ہیں ۔علاقے میں رات دیر گئے تک احتجاجی مظاہرے جاری تھے جبکہ انتظامیہ نے حالات کو قابو کرنے کیلئے ضلع میں فورسز کی اضافی نفری تعینات کی جبکہ انٹرنیٹ خدمات کو معطل کیا گیا ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے گذشتہ روز ہی رمضان سیز فائر کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے فوج کو وادی بھر میں جنگجو مخالف کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔پہلے روز اننت ناگ کے بجبہاڑہ اور نوپورہ علاقوں کا محاصرہ کیا گیا اور نوپورہ آکھرن میں شہری ہلاکت پیش آئی۔اس دوران فوج نے پلوامہ کے سانبورہ اور ترال کے علاقوں میں جنگجو مخالف کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سانبورہ اور ترال میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی محاصرہ کیا گیا اور تلاشی کاروائی عمل میں لائی گئی جو شام دیر گئے تک جاری رہی۔