کولگام ضلع میں بجلی کا نظام ہنوز بحال نہیں ہوسکا | لوگ مشکلات سے دوچار ،انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل

کولگام//حالیہ برف بھاری کے بعد ضلع کولگام میں گھپ اندھیرا چھایاہو اہے اور لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔برف بھاری کے نتیجے میں میر بازار گرڈ اسٹیشن کوہوئے نقصان کی وجہ سے ضلع کولگام کے صارفین گذشتہ ایک ہفتے سے بجلی سپلائی سے محروم ہیں۔مقامی آبادی کو کئی سالوں بعد اتنے لمبے بجلی بریک ڈاون کا سامنا کرنا پڑا۔اگرچہ اس وقت انتظامیہ کی طرف سے مذکورہ اسٹیشن میں ہوئی خرابی کو تین دن کے اندر ٹھیک کرکے بجلی سپلائی بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے تاہم صارفین کا انتظار چھٹے روز بھی ختم نہ ہو سکا۔اس دوران انتظامیہ نے چند ایک مقامات پر دس یابیس منٹ بجلی فراہم کر کے اپنی موجودگی کا احساس دلایا مگر انتظامیہ کا یہ طرز عمل صارفین کے درد کا مداوا نہیں ہوسکا ۔ اس صورتحال کی وجہ سے نہ صرف یہاں کے تجارتی مراکز بلکہ عام لوگوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے تعلیمی نظام پر بھی بہت برا اثر پڑا۔ علاقے کے لوگوں نے انتظامیہ بالخصوس بجلی حکام سے گذارش کی کہ ضلع بھر میں بجلی سپلائی بحال کر کے یہاں کے مکینوں کو اس مصیبت سے نجات دلانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔