کولگام//ترقیاتی کمشنر کولگام شوکت اعجاز بٹ نے ضلع ہسپتال کا شبانہ دورہ کیا اورمریضو ں کو دستیاب طبی سہولیات کے علاوہ ڈاکٹر اورنیم طبی عملے کی حاضری چیک کی۔اس موقعہ پر انہوںنے ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔متعلقہ افسران نے ترقیاتی کمشنر کو مریضوں کو دستیاب علاج ومعالجہ کی سہولیات کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔اس دوران ترقیاتی کمشنر نے مریضوں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ترقیاتی کمشنر نے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے پر فرض شناسی کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔انہوںنے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی طرف توجہ مبذول کرنے پر بھی زوردیا۔ادھرترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شہباز احمدمرزا نے سی ایچ سی ژونٹی مولہ کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ترقیاتی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈوں کامعائنہ کرکے مریضوںکو دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس دوران انہوںنے عملے کی حاضری بھی چیک کی اور ملازمین وافسران کو فرض شناسی اور تندہی کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا ۔ترقیاتی کمشنر نے مریضوں کے ساتھ بات چیت کے دوران علاج ومعالجہ کی سہولیات اورادویات کی دستیابی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے ہسپتال میں بہتر صفائی ستھرائی اورمریضوں کے لئے اطمینان بخش طبی سہولیات کی فراہمی پر بھی زوردیا۔بعد میں ترقیاتی کمشنر نے ہائر سیکنڈری سکول ژونٹی مولہ کا دورہ کیا اوراساتذہ نیز طلبأ کے ساتھ بات کی۔جس دوران انہوںنے سکول میں درس وتدریس کے کام کاج کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔