نئی دہلی//وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس بحران کو ملک کی معیشت کے لئے بڑا موڑ قرار دیتے ہوئے جمعرات کے روز کہا کہ اس سے جو چیلنج سامنے آئے ہیں، انہیں موقعے میں بدل کر ملک کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے ۔مسٹر مودی نے کل انڈین چیمبر آف کامرس (آئی سی سی) کی 95 ویں عام میٹنگ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کورونا بحران کے ساتھ ہی کئی دیگر چیلنج سے بھی نمٹ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت موقع کو شناخت کرنے کا ہے ، خود کو آزمانے کا ہے اور نئی بلندیوں کی جانب بڑھنے کا ہے ۔ یہ اگر سب سے بڑا بحران ہے تو ہمیں ا س سے سب سے بڑا سبق لیتے ہوئے اس کا پورا فائدہ اٹھانا چاہیے ۔وزیراعظم نے کہا کہ 1925 میں اپنی تشکیل کے بعد سے آئی سی سی نے آزادی کی لڑائی دیکھی ہے ، زبردست قحط سالی اور اناج کا بحران دیکھا ہے ۔ اب اس بار کی یہ میٹنگ ایک ایسے وقت میں ہورہی ہے جب ہمارا ملک کئی چیلنجوں کا سامنا کررہا ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ ‘‘ہر وہ چیز جسے درآمد کرنے کے لئے ملک مجبور ہے ، وہ ہندوستان میں ہی کیسے تیار ہوں۔ مستقل میں انہی کا ہندوستان برآمد کار کیسے بنے ۔ اس سمت میں ہمیں مزید تیزی سے کام کرنا ہے ’’۔انہوں نے کہا کہ مقامی مصنوعات کے لئے جس کلسٹر پر مبنی سوچ کو اب ملک میں فروغ دیا جارہا ہے ، اس میں بھی سبھی کے لئے مواقع ہی مواقع ہیں۔ جن اضلاع ، جن بلاکس می جو پیدا ہوتا ہے ، وہیں آس پاس ان سے وابستہ کلسٹر تیار کئے جائیں گے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ کسانوں اور دیہی معیشت کے لئے جو فیصلے حال میں ہوئے ہیں، انہوں نے زراعت، معیشت کو برسوں کی غلامی سے آزاد کرادیا ہے ۔ اب ملک کے کسانوں کو اپنی مصنوعات، اپنی پیداوار ملک میں کہیں پر بھی فروخت کرنے کی آزادی مل گئی ہے ۔دریں اثناء کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (CII) کی 125 ویں سالگرہ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے سوامی ویویکانند کی تعلیمات سے تحریک لینے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی یکجہتی ، عزم اور 'بحیثیت قوم بڑی طاقت' کورونا بحران سے لڑنے میں مددگار ثابت ہوگی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پوری دنیا کو کورونا کے بحران کا سامنا ہے ۔ ‘‘ پوری دنیا اس سے نبرد آزما ہے ۔ ہمارا ملک بھی کورونا کے ساتھ لڑ رہا ہے ’’۔مسٹر مودی نے کہا کہ '' ہماری طاقت ہمارے مستقبل کا راستہ ہموار کرتی ہے ۔ جس نے پہلے ہی شکست قبول کرلی ہو ، اسے شاذ و نادر ہی مواقع ملتے ہیں۔ ''انہوں نے کہا کہ ‘‘کبھی کبھی وقت ہمارا امتحان لیتا ہے ۔ کبھی کبھی بہت ساری مشکلات بیک وقت آتی ہیں۔ لیکن ہم نے یہ بھی تجربہ کیا ہے کہ ایسی صورتحال میں ہمارا کام اور تجربہ ایک روشن مستقبل کا ضامن بنتا ہے ’’۔مسٹر مودی نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس سے لڑ رہی ہے ، ہندوستان بھی لڑ رہا ہے ۔ اسی کے ساتھ دیگر قسم کے بحرانوں کا بھی سامنا ہے جن سے مسلسل سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ان میں سیلاب ، طوفان ، ٹڈیوں کے حملے ، آسام کے تیل کے میدان میں آگ اور چھوٹے زلزلے شامل ہیں۔یو این آئی