جنیوا//دنیا کے مختلف ممالک میں نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی شرح میں لاک ڈاؤنز اور ویکسی نیشن کے نتیجے میں کمی آنے کے باوجود رواں سال اس کا خاتمہ ممکن نظر نہیں آتا۔یہ بات عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسی سروسز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مائیک ریان نے کہی۔ایک پریس بریفننگ کے دوران ڈاکٹر مائیکل ریان نے کہا کہ یہ سوچنا قبل از وقت اور غیرحقیقی ہوگا کہ 2021 کے آخر تک اس وبا کا خاتمہ ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ زیادہ خطرے سے دوچار افراد بشمول طبی عملے کی ویکسی نیشن سے صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوگا، مگر یہ کہنا کہ وائرس کو کنٹرول کیا جاچکا ہے، قبل از وقت ہوگا۔انہونے کہاکہ میرے خیال میں یہ سوچ غیرحقیقی ہوگی کہ اس سال کے آخر تک ہم وائرس کا خاتمہ کردیں گے۔مائیک ریان نے کہا کہ اگر اگر ویکسینز کے اثرات سے نہ صرف اموات اور ہسپتال میں داخلے کی شرح میں کمی آتی ہے بلکہ اس کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی نمایاں حد تک کم ہوتا ہے، تو پھر مجھے لگے گا کہ ہم وبا کو کنٹرول کرنے کی جانب تیزی سے پیشرفت کررہے ہیں۔دنیا بھر میں نئے کووڈ کیسز کی تعداد میں گزشتہ لگ بھگ 2 ماہ بعد اضافہ دیکھنے میں آیا، بالخصوص امریکا، یورپ، جنوب مشرقی ایشیا اور مشرقی بحیرہ روم میں یہ اضافہ ہوا۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانم گیبریسس نے کہا کہ یہ مایوس کن ہے مگر حیران کن نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے بارے میں سمجھنے کے لیے کام کررہے ہیں، کچھ مقامات پر تو بظاہر اس کی وجہ احتیاطی تدابیر کو نرم کرنا، وائرس کی گردش برقرار رہنا اور لوگوں کا احتیاط نہ کرنا ہے۔
دنیا میں 25لاکھ 38ہزار افراد ہلاک
واشنگٹن / / (یواین آئی) دنیا بھر میں کورونا وائرس (کووڈ-19) وبا سے 25.38 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد11.44 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سنٹر (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، دنیا کے 192 ممالک اور خطوں میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 11 کروڑ 44 لاکھ 41 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ 25 لاکھ 38 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔عالمی سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں کورونا کا قہر جاری ہے اوریہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعدادبڑھ کردوکروڑ 86 لاکھ 63 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے ، جبکہ 5.14 لاکھ سے زیادہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ہندوستان میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 11 لاکھ 24 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے ، حالانکہ یہاں ایک کروڑ سات لاکھ 98 ہزار 921 افرادکورونا سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔