سرینگر //پورے ملک کے ساتھ جموں و کشمیر میں بھی کورونا وائرس ہر گذرتے دن کے ساتھ نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے اور گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران پہلی مرتبہ وائرس سے95سفر کرنے والوں سمیت 4926افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ تازہ 4926متاثرین کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 2لاکھ کا ہندسہ پار کرکے 2لاکھ 1ہزار 511ہوگئی ہے۔ اس دوران مزید 52افراد کو وائرس نگل گیا ہے اور متوفین کی مجموعی تعداد 2562تک پہنچ گئی ہے۔ جمعرات کو کورونا وائرس متاثرین کی تشخیص کیلئے مجموعی طور پر 42ہزار تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں 4926افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 1685جموں جبکہ3241کشمیر صوبے سے تعلق رکھتے ہیں ۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے 3241متاثرین میں 26بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرکے کشمیر آئے جبکہ 3215افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ تازہ 3241متاثرین میں سرینگر میں 1070،بارہمولہ میں 353، بڈگام میں 605، پلوامہ میں 474، کپوارہ میں 515، اننت ناگ میں 545، بانڈی پورہ میں 90، گاندربل میں 126، کولگام میں 218 جبکہ شوپیان ضلع سے 170متاثرین تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 23ہزار 646ہوگئی ہے۔ اس دوران کشمیر صوبے میں مزید 18افراد وائرس سے فوت ہوگئے ہیں جن میں 3جی وی سی بمنہ، 3سکمز صورہ، 2صدر اسپتال،2جی ایم سی بارہمولہ، 2ضلع اسپتال پلوامہ، 3رعناواری اسپتال اور3جی ایم سی اننت ناگ میں فوت ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں پرچو پلوامہ کا 30سالہ نوجوان، چھانہ پورہ کا 74سالہ معمر شخص، آری پنتھن بیروہ کا 85سالہ معمر شخص، نوابازار کا 67سالہ شخص، کنی پورہ نوگام کا 65سالہ شخص، ملہ باغ سرینگر کا 78سالہ معمر شخص، ڈلگیٹ کا 40سالہ نوجوان اور چھتہ بل کا 80سالہ معمر شخص اور اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے 60اور 62سالہ شخص شامل ہے۔کشمیر صوبے میں متوفین کی مجموعی تعدفد 1494تک پہنچ گئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 1685افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں 69افراد بیرون ریاستوں اور ممالک کا سفر کرنے کے بعد جموں پہنچے جبکہ1616افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے 1685متاثرین میں ضلع جموں میں 617، ادھمپور میں 127، راجوری میں 232، ڈوڈہ میں 51، کٹھوعہ میں 200، سانبہ میں 131، کشتواڑ میں 36، پونچھ میں 124، رام بن میں 108 جبکہ 65افراد ریاسی سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس دوران جموں صوبے میں 34افراد فوت ہوئے ہیں جن میں 19جی ایم سی جموں، ایک جی ایم سی جموں کے زچگی اسپتال ،جی ایم سی راجوری میں ایک، جی ایم سی کٹھوعہ میں 2، ایس ڈی ایچ مینڈھر میں 1 جبکہ 7افراد کو گھروں سے مردہ حالت میں اسپتال پہنچایا گیا ہے۔جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 1068تک پہنچ گئی ہے۔