سرینگر //ضلع انتظامیہ سرینگر نے راج باغ اور پرے پورہ میں قائم کوچنگ سینٹروں میںچند افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان علاقوں میں تمام کوچنگ سینٹروں کو بندرکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر سرینگر شاہد اقبال چودھری کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر COVID/CR/21/4124-33 بتاریخ 31دسمبر 2020میں ان کوچنگ سینٹروں کو بند کرنے کی وجوہات کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان کوچنگ سینٹروں کے منتظمین نے چندافراد کے کورونا ٹیسٹ کرائے تھے جن میںکچھ افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں لیکن کوچنگ سینٹروں کے مالکان نے بغیر کسی خلل کے کلاسوں کو جاری رکھا جو کورونا وائرس کی روکتھام کیلئے بنائے گئے قوائد و ضوابط کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ حکم نامہ میں مزید لکھا گیا ہے کہ ان کوچنگ سینٹروں کے مالکان نے ضلع انتظامیہ سرینگر کو مطلع کرنے کی بھی زحمت نہیں کی ۔ حکم نامہ میں مزید لکھا گیا ہے کہ اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے راج باغ اور پرے پورہ میں قائم کوچنگ سینٹروں کو فی الحال بند کردیا گیا ہے ۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ جب تک نہ ان کوچنگ سینٹروں سے منسلک تمام افراد کے نمونے اور انکی رپورٹیں موصول نہیں ہوتی اور sanitizationمکمل نہیں ہوگی تب تک یہ کوچنگ سینٹر بند رہیں گے۔ ضلع انتظامیہ نے اپنے حکم نامہ میں مزید کہا ہے کہ تمام کوچنگ سینٹروں میں تشخیص کا عمل شروع ہونا چاہئے اور تمام کوچنگ سینٹروں میں ہر 21دن کے بعد بچوں ، تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کے تشخیصی ٹیسٹ ہونے چاہئے۔ حکم نامہ میں لکھا گیا ہے کہ معیاری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔