سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 30ہزار4تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں 582کی رپورٹیں مثبت آئیں اور اسطرح متاثرین کی مجموعی تعدادایک لاکھ 11ہزار 712ہوگئی جن میں 66538کشمیر جبکہ جموں صوبے میں یہ تعداد45ہزار کا ہندسہ پار کرکے 45174ہوگئی ہے۔ جمعرات کو مزید 10افراد کورونا وائرس سے فوت ہوگئے۔ مہلوکین کی مجموعی تعداد 1718ہوگئی ہے۔ ان میں 1115کشمیر جبکہ جموں میں مرنے والوں کی تعداد 600کا ہندسہ پار کرکے 603ہوگئی ہے۔ تازہ 582معاملات میں 272کشمیر جبکہ 310جموں صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر کے 272متاثرین میں 126سرینگر، 24بارہمولہ، 46بڈگام، 17پلوامہ، 10کپوارہ، 8اننت ناگ، 12بانڈی پورہ، 14گاندربل، 6کولگام اور 9شوپیان سے تعلق رکھتے ہیں۔ جموں صوبے کے 310معاملات میں 142ضلع جموں، 22راجوری، 50ادھمپور، 22ڈوڈہ، 10کٹھوعہ، 2پونچھ، 17سانبہ، 7کشتواڑ، 15رام بن اور23ریاسی سے تعلق رکھتے ہیں۔
۔ 10 اموات
جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 10افراد فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں 5کشمیر جبکہ 5جموں صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے 5متوفین میں 4سرینگر اور ایک بانڈی پورہ سے تعلق رکھتا ہے۔ سرینگر میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ رام باغ کا 52سالہ شخص، خانیار کا 75سالہ معمر شخص، باغات برزلہ کا 68سالہ شخص اور بژہ پورہ کا 64سالہ شخص کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے فوت ہوگیا ہے‘‘۔سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ مرنے والوں میں 2 صدر اسپتال اور 2سکمز صورہ میں فوت ہوگئے۔ بانڈی پورہ میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ آرا گام بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والی 55سالہ خاتون سکمز صورہ میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے فوت ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں جمعہ رات کو کورونا وائرس سے مزید 5افراد فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک ادھمپور، ایک کشتواڑ، اور 3ضلع جموں سے تعلق رکھتے ہیں۔
حکومتی بیان
سرکاری بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے1,11,712معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے5,104سرگرم معاملات ہیں ۔ اَب تک1,04,890اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد1,718تک پہنچ گئی ،جن میں سے 1,115کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور603کاتعلق جموں صوبہ سے ہیں۔اِس دوران جمعرات کو مزید419افرادشفایاب ہوئے ہیںجن میںجموں صوبے کے242اَفراداور کشمیر صوبے کے 177اَفرادشامل ہیں۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 30,94,143ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے 03؍دسمبر 2020 کی شام تک 29,82,431نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔علاوہ ازیں اَب تک7,95,971افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ اِن میں20,896اَفراد کو ہوم قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔5,104 اَفراد کوآئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ31,923اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔