پونچھ// کورونا کی دوسری لہر کو روکنے کی خاطر ضلع انتظامیہ پونچھ اورپولیس کی جانب سے قبل از وقت تیز اور فیصلہ کن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ جہاں تبادلہ خیال کر کے انھیں ہدایات جاری کی۔پولیس حکام کی جانب سے بھی ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار کی ہدایت پر عوام کو خبردار کر کے اِس پھیلتی ہوئی وباء کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ضلع پونچھ میں باضابطہ گاڑیوں پر مائک کے ذریعہ جہاں عوام کو ماسک لگا نے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے وہی ٹریفک پولیس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان مسافر بسوں میں سفر کرنے والے مسافروں میں بیداری لانے کے لئے مہم شروع کئے ہوئے ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان سنیل کمار گپتا ،یوتھ لیڈر امن ڈابر اور دیگر کارکنان نے مختلف عوامی مقامات پر پہنچ کر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور اپنوں کے حفاظت کے لئے کورنا وائرس سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔انہوں نے ملک کی مختلف ریاستوں میں اور جموں کشمیر میں بھی بڑھتے ہوئے معاملات پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محتاط رہیں تاکہ ہم ایک بار پھر اس وباء کے خلاف جنگ جیت سکیں۔پولیس کی جانب سے لوگوں کو انتباہ دیا گیا کہ اگر کوئی بھی شخص ماسک کے بغیر دیکھا گیا تو اس سے جرمانہ وصولاجائے اور اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ایک پریس کانفرنس منعقد کر کے سابق جنرل سکریٹری بار ایسی ایشن پونچھ سینئر ایڈووکیٹ افتخار بزمی نے کوویڈ 19 کے پھیلاؤ کے پیش نظر ہندوستانی شہریوں خصوصا جموں و کشمیر کے باشندوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے تمام شہریوں سے ماسک کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرتی دوری اختیار کرنے اپیل کی ہے اور سینیٹائزر کا استعمال کرنے کو بھی کہا۔ انہوں درخواست کی کہ لوگ ضروری کام کے علاوہ گھروں سے باہر نہ آئیں۔