کورونا وائرس کا قہر جاری| وادی میں مزید 2اموات

 سرینگر //جموں و کشمیر میں3دنوں کے بعد اتوار کو کورونا وائرس سے مزید 2 افراد فوت ہوگئے ۔ اس طرح متوفین کی مجموعی تعداد 4450تک پہنچ گئی ہے۔ اس سے قبل 10نومبر کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے 3افراد فوت ہوگئے تھے۔اس دوران پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 53 ہزار 364 ٹیسٹ کئے گئے جن میں8مسافروں سمیت مزید 174افراد متاثر پائے گئے ۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 34ہزار 180 تک پہنچ گئی ہے۔ 24گھنٹوں کے دوران مثبت قرار دئے گئے 174 افراد میں سے 24جموں جبکہ دیگر 150 افراد کی رپورٹیں کشمیر میں مثبت قرار دی گئی ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 150متاثرین میں 2 بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر پہنچے جبکہ دیگر 148افراد مقامی سطح پر رابطے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 150افراد میں سب سے زیادہ سرینگر میں 68، بارہمولہ میں 29، بڈگام میں 9، کپوارہ میں 21،  اننت ناگ میں 2، بانڈی پورہ میں 8، گاندربل میں 9، کولگام میں 1جبکہ شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 9ہزار 570تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران کشمیر میں 4دنوں کے بعد کورونا وائرس سے مزید 2افراد فوت ہوگئے۔ مرنے والے میں ایک سرینگر اور بارہمولہ سے تعلق رکھتا ہے۔ وادی میں متوفین کی مجموعی تعداد 2272تک پہنچ گئی ہے۔ جموں صوبے کے ادھمپور، کٹھوعہ، سانبہ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 5اضلاع میں 24افراد کی رپورٹیں مثبت قرار دی گئی ہیں۔جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 24متاثرین میں 6بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ دیگر 18مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 24افراد میں جموں میں 9، راجوری میں 4، ڈوڈہ میں 1، کشتواڑ میں 1 اور پونچھ میں ایک کی رپورٹ مثبت قرار دی گئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد1لاکھ 24ہزار 610تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران جموں میں مسلسل 5ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد2178بنی ہوئی ہے۔   
 

ملک میں 24گھنٹوں کے دوران 11ہزار نئے معاملات 

یواین آئی
 
نئی دہلی// ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکت خیز عالمی وبا کورونا وائرس کے 11 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور اس دوران فعال معاملوں کی شرح گھٹ کر 0.39 فیصد پر آ گئی ہے۔دریں اثناء  ہفتہ کو ملک میں 57 لاکھ 43 ہزار 840 افراد کو کورونا سے بچاؤ کے  ٹیکے لگائے گئے اور اب تک ایک ارب 12 کروڑ 1 لاکھ 3 ہزار 225 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔اتوار کی صبح مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین  اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 11 ہزار 271 نئے کیسز  رپوٹ ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر تین کروڑ 44 لاکھ 37 ہزار 307 ہو گئی ہے۔ اس دوران 11 ہزار 376 مریض صحت یاب ہوئے  جس سے  اس وبا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد تین کروڑ 38 لاکھ 37 ہزار 859 ہوگئی ہے۔ ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 0.39 فیصد ، صحت یابی کی شرح 98.26 فیصد اور اموات کی شرح 1.35 فیصد پر برقرار ہے۔