نئی دہلی// کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ملک میں تیسرے مرحلے کی ٹیکہ کاری مہم یکم مارچ سے شروع ہوگی ۔اس دوران 60 سال سے زیادہ عمر کے سبھی لوگوں جبکہ مختلف بیماریوں میں مبتلا 45 سال سے زیادہ عمر کے مریضوں کو سرکاری اسپتالوں میں مفت جبکہ نجی اسپتالوں میں رقومات کے عوض ٹیکے لگائے جائیںگے۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ میٹنگ میں لئے گئے فیصلہ سے آگاہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ کورونا مخالف ٹیکہ کاری کا تیسرا مرحلہ یکم مارچ سے شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں 60 سال سے زیادہ عمر کے قریب ایک کروڑ لوگوں اور مختلف بیماریوں میں مبتلا 45سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ٹیکہ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 45سال سے زیادہ عمر کے ایسے مریضوں کو ویکسین دیا جائیگا جو ذیابیطس ،ہائی بلڈ پریشر سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں۔جاوڈیکر نے کہا کہ دس ہزار سرکاری مراکز اور قریب 20 ہزار نجی مراکز پر ٹیکہ کاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکار ویکسین خریدے گی اور تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو بھیجی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ نجی اسپتالوں میں بھی یہ ویکسین لگاسکتے ہیں لیکن وہاں رقومات ادا کرنا ہونگی جس کی قیمت آئندہ 3سے 4دنوں میں طے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 16جنوری کو شروع کی گئی ٹیکہ کاری کے دوران ابتک 10,76,7000افراد کو ویکسین دی گئی جن میں سے 14لاکھ افراد کو دوسرا ڈوز بھی دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکروں اور فرنٹ لائن ورکروںکو مفت ویکسین دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ویکسین کے خلاف کوئی بڑی شکایت درج نہیں ہوئی ہے۔
۔54نئے معاملات، 7سفر کرکے لوٹے
پرویز احمد
سرینگر // جموں و کشمیر میں پچھلے24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 27ہزار896تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 74افراد کی رپورٹیں مثبت آئیںتاہم اس دوران کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 126093ہوگئی ہے جن میں 74187کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ نئے 74معاملات میں سے 54 کشمیر صوبے میں سامنے آئے ہیں جن میں سے 47مقامی سطح پر جبکہ 7بیرون ریاستوں اور ممالک سے صفر کرکے واپس لوٹے ہیں۔ اس طرح 15فروری سے لیکر 24فروری تک 752افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں سے 596کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں ۔کشمیر سے تعلق رکھنے والے 596افراد میں سے 348مقامی سطح پر متاثر ہوئے ہیں جبکہ 248بیرون ریاستوں اورممالک سے واپس لوٹے ہیں۔ کشمیر صوبے میں ابتک 1230افراد وائرس سے فوت ہوئے ہیں جبکہ متوفین کی مجموعی تعداد 1955ہوگئی ہے۔