کورونا متاثرین کیساتھ ساتھ کینسر مریضوں میں بھی بے تحاشا اضافہ

سرینگر //کشمیر میں سرطان کی بیماری لوگوں کو کافی تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بھی سکمز صورہ میں قائم ریجنل کینسر انسٹی ٹیوٹ میں 6ماہ کے دوران 2500نئے مریضوں کا اندراج ہوا ہے جبکہ اس عرصہ کے دوران 12000سے زائد مریضوں کو کیمو تھرپی جبکہ 7ہزار سے زائد مریضوں کو ریڈیو تھرپی دی گئی ۔ریجنل کینسر انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران وادی میں نئے کینسر مریضوں کے اندراج کا سلسلہ بھی جاری رہا اوریکم جنوری سے لیکر 31جولائی تک  2500نئے مریضوں کا اندراج ہوا ہے ۔اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ یکم جنوری سے 21جولائی تک ہر ماہ 2000کینسر مریضوں کو کیموتھرپی دی گئی اور مجموعی طور پر 6ماہ میں 12ہزار افراد کو کیمو تھرپی دی جاچکی ہے۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سکمز کے شعبہ ریڈیولوجی میں ہر ماہ 1200مریضوں کو ریڈیو تھرپی دی جاتی ہے اور شعبہ میں 31جولائی تک  7ہزار سے زائد افراد کو کیمو تھرپی دی گئی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ  ریجنل کینسر سینٹر میں سال 2020کے دوران3ہزار696نئے مریضوں کا اندراج ہوا تھا جبکہ شعبہ میں 42ہزار 925مریضوں کا علاج و معالجہ چل رہا ہے۔گذشتہ سال عالمی وباء کی وجہ سے صرف 2629افراد کو ریڈیو تھرپی جبکہ 21ہزار 873افراد کو کیمو تھرپی دی گئی تھی۔