سرینگر//سالانہ امر ناتھ یاترا مسلسل دوسرے سال بھی منسوخ کی گئی ہے۔جموں کشمیر انتظامیہ نے یہ فیصلہ پیر کو لیا۔
اطلاعات کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج امر ناتھ شرائن بورڈ حکام کے ساتھ میٹنگ کی جس میں کورونا وائرس سے پیدا صورتحال کے دوران امرناتھ یاترا شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امرناتھ یاترا کی وجہ سے مہلک وائرس کو پھیلنے میں مدد مل سکتی ہے اس لئے رواں برس کی یاترا کو منسوخ کیا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر میں ہمالیہ پہاڑوں کی گود میں واقع ہندوں کے اس مذہبی مقام کی یاترا کی منسوخی کا یہ دوسرا مسلسل سال ہے۔ گذشتہ برس بھی یہ یاترا کورونا وائرس سے پیدا وبائی صورتحال کے نتیجے میں منعقد نہیں ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ اس سال امر ناتھ یاترا28جون کو شروع ہونے والی تھی اور اس کا اختتام22اگست کو طے تھا۔