نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ جن بچوں کے والدین یا سرپرست کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوگئے ہیں انہیں’’ بچوں کیلئے وزیر اعظم کے خصوصی فنڈ‘‘ کے تحت مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ اس کے تحت انہیں 18 سال کی عمر پر پہنچنے کے بعد ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔جبکہ انہیں 23 سال کی عمر کے بعد 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ وزیر اعظم آفس کے ذریعہ بتایا گیا کہ کووڈ کی وجہ سے فوت ہونے والے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔ بچوں کو اعلی تعلیم کیلئے تعلیمی قرض لینے میں معاونت کی جائے گی اور وزیر اعظم فنڈ کے ذریعہ قرض پر عائد ہونے والا سود ادا کیا جائے گا۔اس کے ساتھ ہی ، بچوں کو 18 سال کی عمر تک’ آیوشمان بھارت یوجنا ‘کے تحت صحت انشورنس دیا جائے گا اور اسکی قسط بھی وزیر اعظم فنڈ کے ذریعے ادا کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بچے ہندوستان کے مستقبل کی نمائندگی کرتے ہیں، ہم ان کی حمایت ، حفاظت کے لئے ہر کام کریں گے،ہم آپ کو بتادیں کہ ملک میں بہت سے بچے ایسے ہیں جو اپنے والدین سے محروم ہوچکے ہیں ، انہیں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ریاستی حکومتیں ایسے بچوں کی مدد کے لئے مسلسل ہاتھ بڑھاتی رہتی ہیں۔ اب مرکز کے اس اعلان کے بعد ، ایسے بچوں کے لئے یہ کافی راحت کی خبر ثابت ہوسکتی ہے۔اس سے پہلے ، سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ یہ تصور بھی نہیں کیا جاسکتا کہ کوویڈ 19 وبائی امراض کی وجہ سے اتنے بڑے ملک میں کتنے بچے یتیم ہوگئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی عدالت نے ریاستی حکام کو ان کی فوری شناخت کرنے اور انہیں امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت سے سڑکوں پر بھوک میں مبتلا بچوں کی اذیت کو سمجھنے کی بات کہی اور ضلعی حکام کو ہدایت کی کہ وہ عدالتوں کے مزید احکامات کا انتظار کیے بغیر ان کی فوری دیکھ بھال کریں۔ جسٹس ایل این راؤ اور جسٹس انیرودھ بوس کے بینچ نے ضلعی انتظامیہ کو ہفتہ کی شام تک یتیم بچوں کی شناخت کرنے کی ہدایت کی اور اپنی معلومات قومی چائلڈ کرائم پروٹیکشن کمیشن (این سی پی سی آر) کی ویب سائٹ پر شائع کرنے کو کہا۔