کورونا بحران؛ کرناہ میں تعینات افسران کو ہیڈ کوارٹر چھوڑ کر نہ جانے کی ہدایت

کرناہ // سب ڈویژن مجسٹریٹ کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے منگل کو ڈویژن میں تعینات سبھی افسران کو ہدایت دی کہ وہ کورنا صورتحال کے پیش نظر ہیڈ کوارٹر چھوڑ کر نہ جائیں۔راتھر نے چار ج سنبھالنے کے بعد سب ڈویژن میں افسران کی ایک میٹنگ طلب کی جس کے دوران کورونا لوازمات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف معاملات پر غور کیا گیا۔میٹنگ میں میڈیکل آفیسرکو ہدایت دی گئی کہ 45سال سے اوپر کی عمر کے لوگوں کو ویکسین لگائی جائے اور مین بازار ٹنگڈار میں ایک Ratٹیسٹ مرکزکا انتظام رکھا جائے تاکہ لوگ آسانی سے ٹیسٹ کرسکیں۔
انہوں نے باہر سے آنے والے مزدوروں کا ریٹ ٹیسٹ کرنے پر بھی زور دیا۔
ایس ڈی ایم نے ہدایت دی کہ منی سکریٹریٹ کرناہ میں ایک تھرمل سکینر مہیا رکھا جائے تاکہ دفتر میں آنے والے لوگوں کے ٹیسٹ کئے جا سکیں۔علاوہ ازیں سب ڈویڑن میں کام کر رہے تمام DDOsکو ہدایت دی گئی کہ جن ملازمین کو ویکسین لگائی گئی ہے ان کی فہرست مرتب کر کے انہیں سرٹیفکیٹ دی جائے اور وہ لسٹ دفتر میں بھیجی جائے۔اس دوران تمام افسران کو کہا گیا کہ وہ موجودہ صورتحال میں ہیڈکوارٹر نہ چھوڑیں۔
انہوں نے لوگوں سے ماسک کے ساتھ ساتھ سماجی دوریاں بنائے رکھنے کی بھی اپیل کی۔یاد رہے کہ کرناہ میں کورونا وائرس سے اب تک ایک خاتون کی موت واقع ہوئی ہے اور علاقے میں 60کے قریب مریض مثبت پائے گے ہیں۔ بلاک میڈیکل افسر ٹنگڈار کے مطابق اب تک 30ہزار سے زائد لوگوں کی سکریننگ کی گئی ہے۔