جموں//چلڈرن ہومز میں مقیم بچوں کو کووڈ 19 سے بچانے کیلئے ایک عرضی کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ہدایات کا جونائل جسٹس کمیٹی کے چیئر مین جسٹس علی محمد ماگرے نے ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لیا ۔ سماجی دوری کو برقرار رکھنے کیلئے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ اس میٹنگ میں پرنسپل سیکریٹری سماجی بہبود شیلندر کمار ، سرینگر اور جموں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں، ایس ایم سی اور جے ایم سی کے کمشنروں اور دیگر کئی افسران نے شرکت کی ۔ جسٹس ماگرے نے تمام افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی مکمل عمل آوری کو یقینی بنائیں تا کہ چلڈرن ہومز میں قیام پذیر بچوں کو ہر طرح کا تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔ میٹنگ میں شرکت کرنے والے افسروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ چلڈرن ہومز کا معائنہ کرنے یا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے صورتحال کا جائیزہ لیں ۔ انہیں بچوں کی راحت رسانی کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔سرینگر اور جموں کے میونسپل کمشنروں کو آر ایس پورہ اور ہارون میں قائم ابزرویشن ہومز میں ضروری کیمیکلز کا چھڑکاؤ کرنے کیلئے کہا گیا ۔ جسٹس ماگرے نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ بچوں کو کووڈ 19 اور صفائی ستھرائی کی اہمیت کے بارے میں جانکاری دیں ۔ جسٹس ماگرے نے سرینگر اور جموں کے ڈپٹی کمشنروں کو جوونائل ہومز کی فہرست تیار کر کے متعلقہ میونسپل کارپوریشنوں کو فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ محکمہ صحت کو ابزرویشن ہومز اور دیگر چلڈرن ہومز میں ڈاکٹروں کی ٹیم بھیجنے کیلئے کہا گیا تا کہ وہ بچوں کا طبی معائینہ کر سکیں ۔ جسٹس ماگرے نے پولیس افسروں کو ہدایت دی کہ وہ بچوں کو اپنے گھر منتقل کرنے کیلئے ضروری اجازت متعلقہ حکام کو دیں اور اس عمل میں اس بات کا خیال رکھیں کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی نہ ہو ۔ انہوں نے اس مقصد کیلئے بچوں کو مناسب ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ جسٹس ماگرے نے میٹنگ میں شامل ہونے والے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اطفال گھروں میں کونسلنگ کرائیں اور کسی بھی طرح کے نفسیاتی دباؤ کو بچوں پر حاوی نہ ہونے دیں ۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کے دوران ان تمام احکامات پر عمل آوری کیلئے ممکنہ اخراجات کا بھی جائیزہ لیا اور بچوں کو مناسب غذا ، پینے کا پانی ، صاف ستھرے کپڑے ، معیاری ماسک ، صابن اور دیگر ضروری ساز و سامان فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ اس موقعہ پر فیصلہ لیا گیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل آوری کا جائیزہ لینے کیلئے 15 اپریل 2020 کو اگلی میٹنگ منعقد ہو گی ۔
لیگل سروسز اتھارٹی کے اہتمام سے 354 بیداری کیمپ منعقد
جموں//جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی نے کورونا وائیرس پر قابو پانے کیلئے کئی اثر دار اور اختراعی اقدامات کئے اور لوگوں کو اُن کی دہلیز پر مختلف خدمات بہم پہنچا کر اُن کی راحت رسانی کی ۔ اس ضمن میں ایس ایل ایس اے نے کئی بیداری پروگرام کا انعقاد کیا جن میں رٹینر وکلاء اور ای ایل ویز کو اس وباء کے مختلف پہلوؤں اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ کورونا وائیرس کی وباء شروع ہوتے ہی جے کے ایل ایس اے نے جموں کشمیر یو ٹی میں 354 بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا جن میں 38058 افراد کو روشناس کرایا گیا جبکہ اسی طرح کے 60 کیمپوں کا انعقاد لداخ یو ٹی میں کیا گیا جس سے 800 افراد مستفید ہوئے ۔ لیگل سروسز اداروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے سے بھی ایک جامع مہم چلائی اس کے علاوہ ضرورت مند اور پسماندہ طبقے کے لوگوں کی بھی راحت رسانی کی گئی ۔ لیگل سروس اداروں کی طرف سے منعقد کئے گئے پروگراموں کی تشہیر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے سے کرائی گئی جن میں حکومت کی طرف سے وضح کئے گئے رہنما خطوط اور احتیاطی تدابیر کو اجاگر کیا گیا ۔ حکومت اور ڈبلیو ایچ او کی طرف سے جاری کئے گئے پیغامات اور ویڈیوز کو رٹینر وکلاء اور پی ایل ویز کیلئے واٹس اپ گروپوں پر اپ لوڈ کیا گیا جنہوں نے بعد میں ان پیغامات اور ویڈیوز کو عام لوگوں تک پہنچایا ۔ علاوہ ازیں لیگل سروسز اداروں نے میونسپل کارپوریشنوں اور مقامی اداروں کے ساتھ اشتراک کر کے مختلف علاقوں میں لوگوں میں سینی ٹائیزیشن کٹ اور ماسک تقسیم کئے ۔ پی ایل ویز ضرورتمند لوگوں اور حکومت کی طرف سے نامزد کئے گئے نوڈل افسروں کے درمیان تال میل کو یقینی بنانے کیلئے بھی کام کر رہے ہیں تا کہ لوگوں کے مسائل کو نمٹایا جا سکے ۔ جے کے ایس ایل ایس اے سے مشینری میں 20 اضلاع میں ایک ایک سیکریٹری کام کر رہا ہے جو پیرا لیگل رضا کاروں کے کام کاج کی نگرانی کرتے ہیں ۔ جموں کشمیر میں پیرا لیگل رضا کاروں کی کُل تعداد 630 ہے جو 24 گھنٹے کام کر کے لوگوں کو اُن کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فوڈ پیکٹ اور ادویات مہیا کرا رہے ہیں ۔ یہ پی ایل ویز وقت کی نذاکت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو احتیاطی تدابیر سے روشناس کرانے کے علاوہ متاثرہ افراد کو آئسو لیشن اور کورنٹین سہولیات تک پہنچانے میں بھی مدد کرتے ہیں ۔
جنوبی کشمیر میں غذائی اجناس کی قلت:سکینہ ایتو
سرینگر//نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر سکینہ ایتو نے جنوبی کشمیر کے کولگام، پلوامہ، شوپیان اور اننت ناگ اضلاع میں غذائی اجناس اور رسوئی گیس کی قلت پرتشویش کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی اور دور افتادہ علاقوں میںلوگ مشکلا ت کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے اس سلسلے میں اقدامات کی اپیل کی ہے۔سکینہ ایتو نے محکمہ صحت سے ان اضلاع کے سبھی ہسپتالوں میں ادویات کا سٹاک دستیاب رکھنے کی اپیل کی ہے ۔