کنگن //مرگنڈ کنگن کے ایک کنبے کو کووِڈ- 19کاٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطین مرکز مانسبل سے آئیسولیشن سینٹر گاندربل منتقل کیاگیا،جبکہ اس کنبے کے ٹیسٹ پہلے منفی آئے تھے جس کے بعدانہیں احتیاطی طورسینک اسکول مانسبل کے قرنطین مرکز منتقل کیاگیاتھا۔اطلاعات کے مطابق پانچ افراد پر مشتمل اس کنبے کو اتوار کو بتایا گیا کہ ان کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔کنبے کے ایک فرد نے کشمیرعظمیٰ کو فون پر بتایا کہ ان کے نمونے جانچ کیلئے یکم جون کو لئے گئے تھے اور تین دن قبل ان کے رپورٹ کو منفی قرار دیاگیاتھااوردس روزکیلئے انہیں قرنطین مرکز میں رہنے کو کہاگیاتھا۔اُس کا کہناتھا کہ اتوار کی صبح کو وہ حیران ہوئے جب پولیس اور سب ضلع انتظامیہ کنگن نے انہیں مطلع کیا کہ ان کے تیسٹ مثبت آئے ہیںجس کے بعد انہیں ضلع اسپتال گاندربل منتقل کیاگیا۔مذکورہ مریض نے مزید کہا کہ یہاں گاندربل کے اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں انہیں دیکھنے کوئی نہیں آیا۔ادھر مانسبل قرنطین مرکز میں ان کے ساتھ قیام پزیددیگر افرادنے ضلع انتظامیہ پرالزام عائدکیا ہے کہ پہلے اس کنبے کو منفی قراردیاگیاجس کی وجہ سے وہ ان کے ساتھ گھل مل گئے اورآج انہیں مثبت قراردیاگیا جس کی وجہ سے وہ اب پریشان ہوگئے ہیں ۔ اس دوران کووِڈنوڈل افسر گاندربل نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ 6جون کو کنگن میں 8کیس مثبت آئے جس میں فرائو گنڈ کی تین حاملہ خواتین بھی شامل ہیں ۔ان کو کووِڈاسپتال گاندربل منتقل کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے پانچ مریض قرنطین میں ہیں ۔