کنگن//ضلع انتظامیہ گاندربل کی طرف سے سرینگر لداخ شاہراہ کے دونوں اطراف سومیٹر سے کم فاصلے پرتعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی کے باوجود بھی تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں اور انتظامیہ کی طرف سے جاری حکم کی کھلم کھلا دھجیاں اڑائی جارہی ھیں۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق ضلع انتظامیہ گاندربل نے سرینگر لداخ شاہراہ کے نزدیک تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی ہے اور اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر شہر کے اطراف کسی قسم کی تعمیراتی کام شاہراہ کے مرکزسے ایک سو میٹر دور کرنا ہوگا لیکن اس حکم نامے کی کھلم کْھلا دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سب ضلع کنگن کے گنی ون علاقے میں شاہراہ کے نزدیک بڑے بڑے شاپنگ کمپلیکس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص شاہراہ کے نزدیک رہائشی مکان تعمیر کرنا چاہتا ہے تو محکمہ مال اس کو یہ کہہ کر رہائشی مکان تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے کہ اگر رہائشی مکان تعمیر کرنا ہے تو وہ شاہراہ سے ایک سو میٹر دوری پر کرنا ہوگا۔ عوامی حلقوں نے بتایا کہ جب کوئی شاپنگ کمپلیکس شاہراہ کے نزدیک تعمیر کرتاہے تو اس کے خلاف محکمہ مال کوئی کاروائی عمل میں نہیں لاتا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گنی ون کنگن علاقے میں جو شاہراہ کے نزدیک بڑے بڑے شاپنگ کمپلیکس تعمیر کئے جارہے ہیں ان پر بھی مکمل پابندی عائد کی جائے۔