کنگن//سندھ فارسٹ ڈویژن گاندربل کے نجون کنگن علاقے میں کمپارٹمنٹ نمبر1،2اور4میں سرسبز درختوں کو غیر قانونی طورکاٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے اس بارے میں کئی بار محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو مطلع کیا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کمپارٹمنٹ نمبر 1میں 4درخت جبکہ 2 میں 3اورکمپارٹمنٹ نمبر 4 میں 3 تازہ درختوں کو کا ٹا گیا ہے۔ مقامی آبادی نے اس سلسلے میںکنزویٹر فارسٹ سرینگر سرکل کو آگاہ کیا اور انہوں نے لوگوں کی شکایتکا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے رینج افسر کنٹرول روم سرینگرسرکل محمد مقبول اور فارسٹ پروٹکشن فورس گاندربل کی سربراہی والی ایک کمیٹی تشکیل دی ۔ٹیم کو ہدایت دی گئی کہ صورتحال کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریں۔کنزویٹر فارسٹ سرکل سرینگر زبیر احمد شاہ نے اس ضمن میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو دفتر ہذا کو رپورٹ پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ملوثین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔