کنٹرول لائن سے آر پار تجارت روکنا بھاری نقصان کا باعث ہوگا: میرواعظ

سرینگر/حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے جمعہ کو کہا کہ کنٹرول لائن کے آر پار تجارت روکنا کشمیری عوام کیلئے بھاری نقصان کا باعث ہوگا۔

میر واعظ نے کہا کہ لوگوں کے آپسی رابطے بڑھانے اور رشتوں کو استوار کرنے کے بجائے بھارت کی موجودہ سرکار اس کے برعکس اقدامات کررہی ہے۔

میرواعظ نے جامع مسجد میں نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں کہا'' یہ انتہائی بد قسمتی کی بات ہے کہ لوگوں کے آپسی رابطے بڑھانے کے بجائے ،جو کچھ بھی واجپائی کے وقت میں حاصل کیا گیا تھا، اُس سب کو روکا جارہا ہے۔ایسے اقدامات کشمیری عوام کو بھاری نقصان سے دوچار کرسکتے ہیں''۔

یاد رہے کہ مرکزی حکومت نے گذشتہ روز شام کو ایک حکمنامے میں سلام آباد ،اُوڑی اور چکندا باغ،پونچھ کے راستوں سے کنٹرول لائن کے آر پار ہونے والی تجارت پر فی الحال روک لگادی۔

تاجر برادری نے اس اقدام کو منقسم جموں کشمیر کے درمیان تجارت کیلئے بہت بڑا دھچکا قرار دیا ہے۔