کنٹرول لائن سے آر پار تجارتی سرگرمیاں معطل: وزارت داخلہ کا آرڈر

سرینگر/مرکزی وزارت داخلہ نے جمعرات کو ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کنٹرول لائن کے آر پار تجارت کو معطل کردیا۔

کشمیر کے منقسم حصوں کے مابین کنٹرول لائن سے تجارتی سرگرمیوں کو معطل کرنے کا فیصلہ لیتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے کہا کہ اس کراس ایل او سی ٹریڈ کا''غلط استعمال'' کیا جارہا تھا۔

وزارت داخلہ کے آرڈر میں بتایا گیا ہے''حکومت ہندوستان کو اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ ایل او سی ٹریڈ کا پاکستانی عناصر کے ہاتھوں غلط استعمال ہورہا تھا اور اس کو ہتھیار، کرنسی اور نشیلی چیزیں یہاں بھیجنے کیلئے کام میں لایا جاتا تھا''۔

آرڈر میں مزید بتایا گیا ہے کہ این آئی اے کے ہاتھوں کئی کیسوں کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ کراس ایل او سی ٹریڈ کے ساتھ وابستہ افراد کا تعلق غیر قانونی تنظیموں کے ساتھ ہے جو علیحدگی پسندی کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔

آرڈر کے مطابق کراس ایل او سی ٹریڈ کواُوڑی اورپونچھ ،دونوں راستوں سے تا حکم ثانی معطل کردیا گیا ہے۔